ممتاز صحافی مجید نظامی کی پہلی برسی 25جولائی کو منائی جائے گی

ممتاز صحافی مجید نظامی کی پہلی برسی 25جولائی کو منائی جائے گی

  

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ امام صحافت اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سابق چیئرمین محترم ڈاکٹر مجید نظامی کی پہلی برسی کے موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے ان کے شایان شان تقریبات کا ایک جامع پروگرام وضع کیا ہے۔ یاد رہے کہ وہ گزشتہ سال 26 جولائی کو رمضان المبارک کی ستائیسویں شب وصال فرما گئے تھے جس کے ساتھ ہی پاکستانی صحافت کا ایک روشن اور جرأت مندانہ عہد اختتام پذیر ہو گیا تھا۔ تقریبات کا آغاز ہفتہ 25 جولائی 2015ء کو صبح دس بجے محترم ڈاکٹر مجید نظامی کی حیات و خدمات پر مبنی ایک تصویری نمائش سے ہو گا۔ یہ نمائش ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں ہو گی جو 28جولائی تک جاری رہے گی۔ تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر مملکت اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محترم محمد رفیق تارڑاس نمائش کا افتتاح کریں گے جس کے فوراً بعد 10:30 بجے ان کی زیر صدارت وائیں ہال میں ایک خصوصی نشست ہو گی جس میں محترم ڈاکٹر مجید نظامی کے دیرینہ رفقاء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اہل علم و فضل ان کی قومی‘ ملی اور صحافتی خدمات پر روشنی ؂ڈالیں گے۔ اتوار 26 جولائی کو 9:00 بجے صبح نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران اور کارکن نیز محترم ڈاکٹر مجید نظامی سے عقیدت رکھنے والے خواتین و حضرات قبرستان میانی صاحب میں ان کے مزار پر حاضری دیں گے‘ ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کریں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔ قبرستان میانی صاحب سے واپس آ کر صبح 10:00 بجے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں محفل قرآن خوانی منعقد ہو گی اور 11:30 بجے ختم شریف پڑھا جائے گا اور آبروئے صحافت کے بلندئ درجات کے لیے دعا کی جائے گی۔ بعد ازاں لنگر تقسیم کیا جائے گا۔27 جولائی بروز سوموار کو صبح 10:00 بجے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں سکولوں کے طلبا و طالبات کے مابین محترم ڈاکٹر مجید نظامی کے قول ’’تکمیل پاکستان کا ہدف۔۔۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی‘‘ کے عنوان کے تحت انعامی تقریری مقابلہ منعقد ہو گیا جس میں لاہور کے معروف تعلیمی اداروں کے مقرر طلبہ حصہ لیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -