باغ جناح اور ملحقہ آبادیوں میں سیوریج سسٹم مکمل بند پانی گھروں میں داخل

باغ جناح اور ملحقہ آبادیوں میں سیوریج سسٹم مکمل بند پانی گھروں میں داخل

  

 لاہور(جاوید اقبال)داتا گنج بخش ٹاؤن کی حدود میں واقع باغ جناح( لارنس گارڈن )اور اس کے ملحقہ آبادیوں علاقوں میں سیوریج سسٹم مکمل طورپرناکارہ۔گٹر بند ہوگئے اور پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیاحتی ٰ کہ مساجد بھی محفوظ نہ رہ سکیں واسا کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی تفصیلات کے مطابق لارنس گارڈن جیسے پوش ایریا میں بھی واسا اہلکاروں کی غفلت کی وجہ سے گندے پانی کا گارڈن کی سڑکوں اور گھروں میں داخل ہونا معمول بن گیا ہے۔سیر کرنے والوں کیلئے بڑی ہی پریشانی ہوگئی اس کے علاوہ باغ جناح کی ارد گرد کی آبادی کے گٹر بھی ابل رہے ہیں سڑکوں سے ہوتا ہوا گندا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے جس کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خد شہ ہے جبکہ مسجد کے صحن میں بھی گٹروں کا پانی داخل ہو گیا ہے اور نمازیوں کیلئے آنا جانا بھی مشکل ہو گیا۔مساجد میں اعتکاف کیلئے بیٹھے ہوئے افراد بھی گندے پانی کی لپیٹ میں آگئے اور انہیں مسجد کے صحن میں اور بیت الخلا میں جانے میں سخت دشواری سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا نے انہیں ایک نئی اذیت سے دوچار کر رکھا ہے اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ایم ڈی واساسے اپیل کی ہے کہ لارنس گارڈن اور اس کے نواحی علاقوں میں سیوریج کے خراب سسٹم کو ٹھیک کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر نوٹس لیا جائے وگرنہ اہل علاقہ واسا کے متعلقہ دفتر کا گھیراؤ کریں گے اور اس کے ساتھ پانی کے بل بھی ادا نہیں کریں گے۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور ایم ڈی واسا ماہ صیام کی رحمتوں کے مہینے میں بالخصوص آخری عشرہ کی رحمتوں کے صد قے انہیں اس اذیت سے چھٹکارا دلوائیں۔ اہل علاقہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ واسا کے متعلقہ ذمہ داروں کونا قص انتظامات پر سزا دی جائے۔اس حوالے سے داتا گنج بخش ٹاؤن کے ڈائریکٹر اکرم شیخ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیلیا گیا متعلقہ ایس ڈی او مزنگ کو صورتحال کلئیر کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -