ٹیوٹا جیلوں میں قیدیوں کو ہنرمندبنانے کیلئے اقدامات کریگی

ٹیوٹا جیلوں میں قیدیوں کو ہنرمندبنانے کیلئے اقدامات کریگی

  

لاہور (کامرس رپورٹر): ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) صوبہ پنجاب کی منتخب جیلوں میں قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے محکمہ جیل خانہ جات کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر ے گی ۔ قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹیوٹا پنجاب بھر کے 13 منتخب جیلوں میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز قائم کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار چےئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ٹیوٹا افسران حامد غنی انجم، انجینئر اظہر اقبال شاد، عبدالقیوم، ظہیر الدین احمد ، سرفراز انوراور دیگر افسرموجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ٹیوٹا ایک سال کے دوران 6400 قیدیوں کی فنی تربیت فراہم کرے گی۔ ان کومختلف ٹریڈز میں 3ماہ دورانیہ کے جدیدشارٹ کورسز میں تربیت دی جائے گی۔ 13 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز سینٹرل جیل میانوالی،ساہیوال،گوجرانوالہ، کوٹ لکھپت ، بہاولپور، فیصل آباد، ملتان،ڈی جی خان، راولپنڈی، ملتان، وویمن سیکشن ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد،بروسٹل جیل فیصل آباداور بروسٹل جیل بہاولپور میں کھولے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین کم عمر سزا یافتہ بچوں کو 15جدیدشارٹ کورسز میں تربیت دی جائے گی ۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزیدکہاکہ یہ ٹریننگ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کی طرف ایک اور سنگ میل ہے جس سے قیدیوں کو فنی تربیت دینے کے بعد ہنر مند بنایا جائے گا اور اپنا روزگار کمانے کے قابل ہو جائیں گے ۔

بہت سے قیدی زیادہ تربے روزگاری ،مالی مسائل اور آمدنی کا باقاعدہ کوئی ذریعہ نہ ہونے کی وجہ سے جرم کا ارتکاب کرتے ہیں ۔جیلو ں میں قید کے دوران پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے سے ہنر مند بن جائینگے ۔جیل سے رہا ہونے کے بعد پیشہ ورانہ تربیت ان کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گی اور وہ با عزت طریقے سے اپنا روزگار یا اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے ۔اس طرح کے فائدہ مند پروگراموں سے ملک میں جرم اور غربت کا خاتمہ ممکن ہے ۔

مزید :

کامرس -