ضلعی حکومت پارکنگ کے مسائل پر قابوپائے: نعمان کبیر

ضلعی حکومت پارکنگ کے مسائل پر قابوپائے: نعمان کبیر

  

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ضلعی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک، پارکنگ کی سہولیات کے فقدان اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی سمیت تاجروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین راجہ حامد ریاض، کمال محمود امجد میاں اور رضوان اختر شمسی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے لیکن ٹریفک کے مسائل ، پارکنگ کے فقدان اور مال روڈ پر مظاہروں پر عائد پابندی کی خلاف ورزی نے تاجروں کو پریشان کررکھا ہے۔ میاں نعمان کبیر نے کمشنر لاہور پر زور دیا کہ وہ مال روڈ پر مظاہروں پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرائیں کیونکہ اس سے وہاں تجارتی سرگرمیاں تباہ ہورہی ہیں۔ آئے روز مظاہروں کی وجہ سے مال روڈ کے تاجروں کا کاروبار تباہ ہوگیا ہے لہذا پابندی پر عمل کرانے کے لیے ضلعی حکومت کو سخت اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے شہر میں پارکنگ پلازے بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے مسائل نے بھی تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو بْری طرح متاثر کیا ہے جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے۔ کمشنر لاہور عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ جلسوں اور احتجاج کے لیے ناصر باغ کو مختص کیا اور میڈیا کے لیے بھی سٹیج بنا دیا جائے گا ، مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں اور جلوسوں پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے تمام طبقات ہائے فکر اپنا کردار ادا کریں۔

مزید :

کامرس -