محکمہ زراعت پنجاب کی وسطی و جنوبی پنجاب میں خزاں کی فصل کی کاشت 25جولائی سے شروع کرنے کی ہدایت

محکمہ زراعت پنجاب کی وسطی و جنوبی پنجاب میں خزاں کی فصل کی کاشت 25جولائی سے ...

  

راولپنڈی(این این آئی) محکمہ زراعت پنجاب نے شمالی پنجاب میں سورج مکھی کی کاشت فوری ٗ وسطی و جنوبی پنجاب میں خزاں کی فصل کی کاشت 25جولائی سے شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ شمالی پنجاب میں سورج مکھی کی کاشت فوری طور پر شروع کرکے آخر جولائی تک مکمل کی جاسکتی ہے جبکہ خزاں کی فصل وسطی وجنوبی پنجاب میں وسط اگست تک مکمل کرکے بہتر پیداوار کاحصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ سورج مکھی کی کاشت کیلئے مقامی طور پر تیار کردہ ہائبرڈ ایف ایچ 331اور بیرونی ممالک سے درآمد شدہ ہائبرڈ بیج استعمال کیاجاسکتاہے جو فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام شہروں میں بآسانی دستیاب ہے۔

انہوں نے کہاکہ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے کھیت میں پودوں کی تعداد 23232فی ایکڑ ہونا اشدضروری ہے جس کیلئے اڑھائی کلوگرام بیج فی ایکڑ ڈال کر مطلوبہ تعداد کو پورا اور اچھی پیداوار کاحصول یقینی بنایاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل تیلدار اجناس میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس کے بیج میں تیل کی مقدار 40سے45فیصداور لحمیات کی مقدار 20فیصد جبکہ حیاتین اے اور بی کی مقدار 10،10فیصد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی 100سے120دن میں پک کر تیار ہو نے والی فصل ہے جسے سال میں دومرتبہ جولائی اگست اور جنوری فروری میں کاشت کیاجاسکتاہے۔

مزید :

کامرس -