آئی پی ایل سکینڈل ،بھارت میں ہونے والی چیمپئنز ٹی 20لیگ ختم

آئی پی ایل سکینڈل ،بھارت میں ہونے والی چیمپئنز ٹی 20لیگ ختم

  

نئی دہلی(آن لائن) آئی پی ایل سکینڈل میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد2ٹیموں پر پابندی لگنے اور سپانسرز کی کمی کے باعث بھارت میں ہونے والی چیمپئنز لیگ ٹی 20 ختم کردی گئی ، لیگ ختم کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی ، جنوبی افریقی کرکٹ بور ڈ اور کرکٹ آسٹریلیا نے مشترکہ طور پر بیان میں کیا ، چیمپئنز لیگ 20ستمبر سے اکتوبر 2015ء تک منعقد ہونا تھی ، لیگ کی انعامی رقم 6 ملین ڈالرز تھی ، چنائی سپر کنگز چیمپئنز لیگ ٹی 20 کی دفاعی چیمپئن تھی، لیگ کی منسوخی کے بعد فٹبال کے کھیل کو پیچھے چھوڑنے کا کرکٹ کا خواب ادھورہ رہ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں 20ستمبر سے شروع ہونے والی چیمپئنز لیگ گزشتہ رو ز بھارتی سپریم کورٹ کے آئی پی ایل سکینڈل کے حوالے سے آنے والے فیصلے کے بعد منسوخ کردی گئی چیمپئن لیگ کی دفاعی چیمپئن چنائی سپر کنگز تھی جس پر آئی پی ایل سکینڈل میں الزامات ثابت ہونے پر پابندی عائد کردی گئی تھی ۔ چیمپئنز لیگ ختم کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی ، جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ہے ۔ تینوں کرکٹ بورڈز نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آئی پی ایل سکینڈل سامنے آنے کے بعد چیمپئنز لیگ میں شائقین کی دلچسپی کم ہونا شروع ہوگئی تھی امید کے مطابق شائقین کی دلچسپی نہ ہونے کے باعث لیگ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ ایونٹ کے اخراجات بہت زیادہ بڑھ گئے تھے میڈیا پارٹنر کی لیگ میں دلچسپی کم ہونے کے باعث اخراجات بھی پورے ہونا مشکل ہوگئے تھے جس کے باعث مشترکہ طو ر پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لیگ کو ختم کردیاجائے ۔ چیمپئنز لیگ کی انعامی رقم 6ملین ڈالرز تھی۔ واضح رہے کہ جن تین ممالک نے لیگ ختم کرنے کا اعلان کیا انہی تینوں ممالک نے چیمپئنز لیگ شروع کی تھی یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ دفاعی چیمپئن چنائی سپر کنگز کی جس قیادت بھارتی کرکٹ کے کپتان دھونی کررہے تھے اور راجھستان رائلز پر آئی پی ایل سکینڈل میں ملوث ہونے پر دو دو سال کی پابندی عائد کی جاچکی ہے جبکہ ان کے مالکان پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -