ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے کے دور رس نتائج نکلیں گے ،آصف زرداری

ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے کے دور رس نتائج نکلیں گے ،آصف ...

  

 اسلام آباد ( آئی این پی ) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ دور رس نتائج کا حامل ہوگا اور علاقے میں گیم چینجر ہو سکتا ہے ، یہ معاہدہ سفارتکاری اور مذاکرات کی فتح اور نہایت خوش آئند ہے ، ایران کا دنیا کے ساتھ تعاون خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی امید ہے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان معاہدے پر اپنے ردعمل کااظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب انحصار اس بات پر ہے کہ تمام پارٹیاں اپنے وعدوں پر ان کی روح کے مطابق عمل پیراء ہوں اور امید ہے کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا کریں گے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس پیش رفت سے فائدہ اٹھائے اور پیپلز پارٹی کے دور میں شروع کی جانے والی گیس پائپ لائن کے منصوبے کو مکمل کرے اور اسے حقیقت میں بدل دے اور پاکستان کے توانائی کے بحران کو حل کر دے۔ اس معاہدے سے ایک سبق یہ ملتاہے کہ قوموں کی ثابت قدمی، صبر اور عزم کئی دہائیوں کی دشمنیوں کو ختم کر سکتے ہیں اور امن کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ مذاکرات اور گرفت وشنید ہی جنوبی ایشیا میں دشمنی کو ختم کرکے امن، استحکام اور ترقی کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -