آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک یاد رہے گی ،شہباز شریف

آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک یاد رہے گی ،شہباز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں آرمی پبلک سکول پشاور کے پنجاب میں زیر علاج طلباء و طالبات اورانکے والدین نے ملاقات کی اوربچوں کو لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے پروزیراعلیٰ شہبازشریف کاشکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں و بچیوں کو لیپ ٹاپ دےئے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور میں پڑھنے والے قوم کے بیٹیوں اوربیٹیاں آج یہاں موجود ہیں اور پوری قوم کو اپنے ان بہادر بچے و بچیوں پر فخر ہے جنہوں نے حوصلے اورجرت سے ایک بڑے سانحہ کا سامنا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کا زخم آج بھی تازہ ہے جس میں معصوم بچے و بچیوں کو ناحق مسلا گیااور بہت سے پھول بن کھلے مرجھا گئے۔اس واقعہ نے پوری قوم کو رنجیدہ کیا اورقوم اب تک سانحہ پشاور کے کرب سے باہر نہیں نکل سکی۔انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور میں ہونے والا سانحہ تاریخ کا سب سے بڑا دلخراش واقعہ ہے ۔ایسے اندوہناک سانحہ کی عصر حاضر کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ شہدا ء کے والدین اورعزیز و اقارب کے جذبات کی شدت کا اندازہ تو نہیں کرسکتے تاہم پوری قوم آپ کے غم میں شریک تھی،ہے اوررہے گی۔آرمی پبلک سکول کے بچے اوربچیوں نے عظیم قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے ۔رہتی دنیا تک ان لازوال قربانیوں کی یاد تازہ رہے گی۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی عظیم قربانی نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکجا کردیا ہے اورپوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے یکسو اورمتحد ہوچکی ہے ۔سانحہ پشاورکے بعدقومی اتفا ق رائے سے انسداد دہشت گردی کیلئے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا،جس کے تحت ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اوردہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جاری ہے،جس میں فتح صرف اورصرف پاکستان کی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہمعصوم بچوں کی عظیم قربانی نے قوم کو جگا دیا ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ، پرعزم اور ایک صحفے پر ہے۔معصوم بچوں کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔سانحہ پشاور کے نتیجے میں بہنے والا خون رنگ لائے گا اور انشاء اللہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پاکستان کے 18کروڑ عوام کیلئے ایک سبق تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا اورنہ ہی آگے بڑھ سکتا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ سانحہ پشاور سے پوری قوم نے سبق سیکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مثالی اتحاد اوریکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے قوم کے بیٹے ،بیٹیوں ان کے والدین اوراساتذہ کو لاہور آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، آپ کی خدمت ہماری ذمہ داری اورفرض ہے جسے نبھانے کی ہم نے پوری کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارش پر بچوں کو علاج کیلئے بیرون ملک بھی بھجوائیں گے۔ بچوں و بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے بھی ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔وزیراعلیٰ نے کمشنر لاہورڈویژن کو بچوں کی تعلیم کے امورکے حوالے سے جائزہ لینے کی ہدایت کی۔بچو ں و بچیوں کے والدین نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اوران کی حکومت نے ہمارے اور ہمارے بچوں کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا ہے ہم پچھلے 28روز سے پنجاب حکومت کے مہمان ہے اورپنجاب حکومت کے تعاون اورمہمان نوازی کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ بچوں کے والدین نے علاج معالجے میں بھر پور تعاون پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی گڈگورننس کے بار ے میں سن رکھا تھا لیکن یہاں آکر اس کامشاہدہ بھی کرلیا ہے،والدین نے بچوں کی تعلیم و صحت کے حوالے سے بعض امورسے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے والدین کو یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت اس ضمن میں ہر طرح سے حاضر ہے اوراس ضمن میں پہلے کی طرح مکمل تعاون کیا جائے گا۔اس موقع پر سانحہ پشاور کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر،سیکرٹریز صحت و اطلاعات،پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب،کمشنر لاہورڈویژن،ایم ایس میو ہسپتال اورمختلف ہسپتالوں کے ماہر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں معیاری ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور کھپت کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تیز رفتار ترقی کا راز فنی تعلیم میں مضمر ہے ۔پنجاب حکومت نے فنی تعلیم کے فروغ کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے ، 2017-18 تک 20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا ہدف مقررکیاہے۔ 20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے فنی تربیت کے ادارو ں کو فعال او رمتحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔فنی تربیت کے اداروں کو اب نتائج دینا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ معیاری ہنرمند افراد ی قوت کی تیاری کے لئے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اورفنی تربیت کے اداروں سے وابستہ اساتذہ کو بھی جدید علوم سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ملک اور بیرون ملک کی ضروریات کے مطابق نئے ووکیشنل کورسز بھی متعارف کرائے جائیں۔ آن جاب ٹریننگ پر بھی توجہ مرکوز کی جائے اور اداروں کو اس کا پابند بنایا جائے اور فنی تربیت سے وابستہ مختلف اداروں اور محکموں کے پروگرامو ں کو مربوط بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ اپرنٹس شپ کے پروگرام پر قانون کے مطابق عملدرآمد کرایا جائے۔ٹیکنیکل و ووکیشنل اداروں میں ای لرننگ کے جدید ذرائع کو فروغ دیا جائے۔وزیراعلیٰ نے معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری او راس کی کھپت کیلئے شارٹ ٹرم ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سکلز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے قابل عمل روڈ میپ 3ہفتے میں تیار کرکے پیش کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو فنی تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل پہلے بھی دئیے آئندہ بھی دیں گے ۔ چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات نے معیاری ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور کھپت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ ، راجہ اشفاق سرور ،رانا مشہود احمد ، محمد شفیق ، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز ، ٹیوٹا ، پی وی ٹی سی کے اعلیٰ حکام کے علاوہ سکلز ڈویلپمنٹ کے شعبہ کے ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمعۃ الوداع، چاند رات اور عیدالفطر پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔جمعۃ الوداع، چاند رات اور عیدالفطر پرپولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ مارکیٹوں، بازاروں اور شاپنگ سنٹرز میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے آج یہاں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ پولیس امن عامہ کی صورتحال کو مزیدبہتر بنانے کیلئے محنت اور جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سینئر پولیس حکام، جمعۃ الوداع، چاند رات اور عیدالفطر پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں۔ عیدالفطر کے اجتماعات خصوصاً مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد ہونا چاہیئے۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب ریونیو اتھارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔چیئرپرسن پنجاب ریونیو اتھارٹی ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کیلئے صوبے کے وسائل میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت نے وسائل کا شفاف اور درست استعمال یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے اور وسائل امانت سمجھ کر عوام پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصول کرنے والے اداروں میں جزا اور سزا کا موثر نظام رائج ہونا چاہیے۔ صوبائی وزراء رانا ثنا اﷲ،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -