ریحام خان کا براڈ کاسٹ جرنلزم کی ڈگری کا دعویٰ جھوٹا نکلا ،مسز خان کا یو ٹرن پر یو ٹرن

ریحام خان کا براڈ کاسٹ جرنلزم کی ڈگری کا دعویٰ جھوٹا نکلا ،مسز خان کا یو ٹرن ...

  

لند ن ،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کا براڈ کاسٹ جرنلزم کی ڈگری لینے کا دعویٰ غلط نکلا۔برطانوی اخبار کے انکشاف کے بعد ریحام خان نے اپنی ذاتی ویب سائٹ سے تعلیمی ادارے کا نام بدل دیا مگر جب یہ خبر آئی کہ نیا انسٹی ٹیوٹ بھی جرنلزم میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری جاری نہیں کرتا تو مسز خان نے اعتراف کر لیا کہ انہوں نے ڈگری نہیں ڈپلومہ حاصل کیا ہے ، میڈیا بس کر دے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ریحام خان کے نارتھ لنزے کالج سے براڈ کاسٹ جرنلزم کی ڈگری حاصل کرنے کو جھوٹ قرار دیا اور بتایا کہ نارتھ لنزے کالج میں ڈگری تو دور کی بات جرنلزم پڑھائی ہی نہیں جاتی۔ کالج ترجمان کے مطابق ریحام خان نام کی کوئی خاتون ان کی طالبہ نہیں رہی۔ ریحام خان کی ذاتی ویب سائٹ میں واضح طور پر درج ہے کہ ریحام خان نے نارتھ لنرے کالج سے براڈ کاسٹ جرنلزم میں پوسٹ گریجویٹ کیا۔پاکستانی میڈیا نے خبر نشر کی تو ریحام خان ٹویٹر پر واضح جواب دینے کے بجائے الٹا میڈیا پر ہی برس پڑیں۔ ٹی وی کے ساتھ منسلک رہنے والی ریحام خان نے کہا کہ یہی وجہ ہے کبھی ڈیلی میل نہیں پڑھا نہ ہی پاکستانی چینلز دیکھتی ہوں۔ ریحام خان نے اپنی ذاتی ویب سائٹ کا ایک پیج بھی اپ ڈیٹ کیا کہ اسے دوبارہ پڑھیں۔ انہوں نے نارتھ لنزے کالج سے براڈ کاسٹ جرنلزم کا کورس شروع کیا اور بی بی سی سے چار ہفتے کی انٹرن شپ کی۔ اب بھابھی جی کو کون سمجھائے کہ نارتھ لنزے کالج تو یہ کورس کرا ہی نہیں رہا۔میڈیا کے حقائق سامنے لانے پر ریحام خان نے یوٹرن لے لیا ، ٹویٹر سے ویب سائٹ کا پیج ہٹاتے ہوئے پروفائل میں تبدیلی کی کہ براڈ کاسٹ جرنلزم میں پوسٹ گریجویٹ نارتھ لنزے کالج نہیں گرمسی بی انسٹی ٹیوٹ سے شروع کیا مگر تعلیمی ادارے کا نام بدل کر بھی ریحام کی جان نہ چھوٹی کیونکہ ریحام خان نے جس نئے انسٹی ٹیوٹ کا نام لیا ، اس میں بھی براڈ کاسٹ جرنلزم کا کورس نہیں پڑھایا جاتا۔ گرمسی بی انسٹی ٹیوٹ صرف ڈیجیٹل فلم اینڈ ٹی وی پروڈکشن میں بیچلر ڈگری جاری کرتا ہے۔ نئے حقائق سامنے آنے کے بعد ریحام خان نے اپنے تحریری بیان میں ایک اور یوٹرن لیا اور کہا کہ انہوں نے براڈ کاسٹ جرنلزم میں ڈگری حاصل کرنے کا کبھی دعویٰ نہیں کیا۔ ان کے پاس گرمسی بی انسٹی ٹیوٹ میڈیا سنٹر سے حاصل کی ہوئی ڈگری نہیں ڈپلومہ ہے جو 23 جون 2006 میں ختم ہوا۔ریحام خان نے کہا کہ انہیں وضاحتیں پیش کرنے کی ضرورت نہیں لیکن معاملہ انجام تک پہنچانا چاہتی ہوں ، الزام ایسے وقت میں لگایا گیا جب لندن میں ایک اور ہائی پروفائل کیس چل رہا ہے ، میڈیا میری تعلیم کی بجائے ہائی پروفائل کیس پر توجہ دے۔ریحام خان نے تو باربار یوٹرن لینے کیبعد آخرکار مان لیا کہ ان کے پاس جرنلزم کی سرے سے ڈگری ہے ہی نہیں مگر کیا کہیں انہوں نے یہ اعتراف کیا بڑی مشکل سے ہے ، ریحام خان کی تعلیمی پروفائل میں تبدیلی تو آگئی ہے مگر یہ تبدیلی آئی نہیں بلکہ مجبوری میں لائی گئی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -