پنجاب سیڈ کارپوریشن کے گریڈ 18اور 19کے 4افسران کی ترقی

پنجاب سیڈ کارپوریشن کے گریڈ 18اور 19کے 4افسران کی ترقی

  

لاہور ( این این آئی) پنجاب سیڈ کارپوریشن کے 105ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس وزیر زراعت پنجاب ڈاکٹر فرخ جاویدکی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وزیر زراعت نے بورڈ اجلاس میں گریڈ 18اور 19کے 4افسران کی ترقی کی منظوری کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیڈ کارپوریشن واحد ادارہ ہے جو کسانوں کو اعلیٰ کوالٹی کا تصدیق شدہ بیج ارزاں نرخوں پر فراہم کر رہا ہے اور پنجاب سیڈ کارپوریشن کا بیجوں کی صنعت میں لیڈر کا رول ہے ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب زرعی شعبہ کی ترقی چاہتے ہیں اور سبز انقلاب اُن کا خواب ہے ۔انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ بہت جلد پٹے داروں سے 5ہزار ایکڑ سے زائد زمین بھی واگذار کروائی جائے گی۔جس کے لیے پٹے داروں سے مذاکرات جاری ہیں۔بورڈ اجلاس میں صوبائی وزیر نے ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن خاقان بابر کی سفارش پر ناصر سلیم کو گریڈ 20میں ترقی دے کر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر کے عہدہ پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا جبکہ اسلم منصور کو گریڈ 19میں ریگولر ترقی دے کرڈائریکٹر فنانس تعینات کر دیا گیا۔خالد محمود شہزار کا گریڈ 19میں ریگولر ترقی دے کر ڈائریکٹر ایڈمن لگا دیا گیا جبکہ زاہد اسحاق کو گرید 19میں ریگولر ترقی دے کر ڈائریکٹر فارمز کے عہدہ پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا۔ قبل ازیں وزیر زراعت نے بورڈ ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے پلانٹس کو اپ گریڈ کرنے پر زور دیا ۔ وزیر زراعت نے کہا کہ 1976ء میں قائم ہونے والا یہ ادارہ زرعی شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔

پنجاب سیڈ

مزید :

صفحہ آخر -