ممکنہ سیلاب کے پیش نظر عید کی چھٹیوں کے دوران حکام ڈیوٹی پر موجود رہیں شجاح خانزادہ

ممکنہ سیلاب کے پیش نظر عید کی چھٹیوں کے دوران حکام ڈیوٹی پر موجود رہیں شجاح ...

  

 لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر داخلہ و چیئرمین کیبنٹ کمیٹی برائے فلڈ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے 17 جولائی سے 21 جولائی تک شدید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر صوبہ کے تمام کمشنرز ، ڈی سی اوز ، محکمہ آبپاشی، مواصلات و تعمیرات ، صحت، لائیوسٹاک اور لوکل گورنمنٹ کے متعلقہ افسران کو عید کی چھٹیوں کے دوران اپنی تعیناتی کی جگہ پر موجود رہنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ بات یہاں سول سیکرٹریٹ میں سیلاب انتظامات بارے صوبہ کے تمام کمشنرز کے ساتھ ویڈیوکانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت، وزیر صنعت، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، تمام صوبائی سیکرٹریز ، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی ریسکیو1122 اور متعلقہ محکموں کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے محکمہ موسمیات اور فلڈ وارننگ سنٹر کے اعلی حکام کو ہدایت کی کہ و ہ زیادہ پانی آنے کی صورت میں کمشنرز صاحبان کو بروقت وارننگ جاری کرے تا کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کے لوگوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بناسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں مگر ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے سیکرٹری آبپاشی کو ہدایت کی کہ وہ تمام کمشنرز اور ڈی سی اوز کو تفصیلی آگہی فراہم کریں کہ ان کے علاقوں کے دریاؤں میں پانی سطح کس حد تک نارمل ، اوسط اور خطرناک ہے تا کہ وہ حالات کے مطابق بروقت فیصلہ کرسکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمشنرز اور ڈی سی اوز کو دریاؤں ، ندی نالوں میں پانی کے ڈسچارج کی تازہ صورتحال سے بھی ہمہ وقت آگاہ رکھا جائے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کمشنرز اور ڈی سی اوز کو سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موجود سامان کے فنکشنل ہونے کی تین یوم میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کوکہا کہ وہ سٹاک میں موجود کشتیوں کی تقسیم کا کام تین یوم میں مکمل کر کے رپورٹ کریں ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کو بتایا کہ مزید کشتیوں کے ٹینڈر منظور کر کے آرڈر دے دیا گیا اور 20 کشتیاں فی ہفتہ سپلائی ہونا شروع ہو جائیں گی ۔

شجاع خانزادہ

مزید :

صفحہ آخر -