بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی‘بھارت فضائی حدود معاہدے کی پاسداری کرے‘اعزازچودھری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا اور جاسوس طیارے کی پاکستان کی حدود میں پرواز پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے بھارتی ہائی کمشنر سے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا بھارت1991 کے فضائی حدود کے معاہدے کی پاسداری کرے۔سیکرٹری خارجہ نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ پر بھی احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا بھارتی سرگرمیاں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔جس پر بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے بھی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے ۔پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے کہا ایل او سی ایسے واقعات روکنے کیلئے باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے ۔انہوں نے کہا بھارتی کارروائیاں اوفا میں مشترکہ اعلامیہ کی رو کے برعکس ہیں پاک بھارت وزراءاعظم کی ملاقات کے بعد ہمیں مثبت انداز میں آگے بڑھنا ہو گاانہوں نے کہاپاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے ۔