شیوسینا کا احتجاج، مہاراشٹر میں پاکستانی فلم بن روئے کی نمائش روک دی گئی

شیوسینا کا احتجاج، مہاراشٹر میں پاکستانی فلم بن روئے کی نمائش روک دی گئی
شیوسینا کا احتجاج، مہاراشٹر میں پاکستانی فلم بن روئے کی نمائش روک دی گئی

  

ممبئی+ کراچی (ویب ڈیسک) انتہاپسند ہندو تنظیم شیوسینا کے احتجاج کے بعد پاکستانی فلم ”بن روئے“ کی ریلیز بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں روک دی گئی۔ واضح رہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد کوئی پاکستانی فلم بھارت میں ریلیز کی جا رہی تھی۔ بھارت کے سینما گھروں میں پاکستانی فلم بن روئے ہم ٹی وی کے ذیلی ادارے ایم ڈی فلمز کی جانب سے پیش کی جا رہی تھی۔ یہ فلم پاکستان اور بھارت کے علاوہ دنیا کے دیگر سات ممالک متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کینیڈا اور سویڈن میں بھی ریلیز کی جا رہی ہے۔ بی بی سی کے مطابق بن روئے ریلیز کرنیوالا ادارہ پاکستان میں بھارتی فلم ”بجرنگی بھائی“ کی ڈسٹری بیوشن کر رہا ہے۔ اس معاملے پر اس ادارے کے درید قریشی نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں فلم کی بھارت میں ریلیز نہ ہونے پر افسوس ہوا تاہم یہ مسئلے بھارت کی صرف ایک ریاست میں ہے باقی پورے بھارت میں یہ فلم عید الفطر پر ہی ریلیز کی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی ریاست مہاراشٹر میں بھی بن روئے ریلیز کر دی جائے گی۔ درید قریشی نے اس تاثر کو رد کیا کہ اس فلم پر بھارت یا مہاراشٹر کی حکومت کی جانب سے پابندی لگائے گئی۔ دوسری جانب پاکستان میں سینما مالکان نے اس فیصلے پر خاصی نکتہ چینی کی اور کہا ہے کہ ایسے فیصلے آئندہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کے لئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ بن روئے میں اداکار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔

مزید :

تفریح -