اسرائیل کی ایک مرتبہ پھر عیدالفطر سے قبل غزہ پربمباری ،عمارت ملبے کا ڈھیربن گئی، جانی نقصان نہیں ہوا
غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر عیدالفطر سے قبل غزہ پرگولہ باری شروع کردی،فلسطینی تنظیم حماس کے ٹریننگ سینٹر پر بمباری سے عمارت ملبے کا ڈھیربن گئی۔تفصیلات کے مطابق صیہونی فضائیہ کے طیاروں نے البیروجی میں قائم حماس کے ٹریننگ سینٹر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں عمارت گر گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ترجمان حماس نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے کمیونیکیشن سینٹر کو نشانہ بنایا ۔ ادھر اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کی جانب سے راکٹ فائر کئے جانے کے بعد جوابی کارروائی کی گئی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال رمضان المبارک میں اسرائیل کی غزہ میں بربریت کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت ڈھائی ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں زخمی اور معذور ہو ئے تھے ۔