مفتی پوپلزئی نے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس طلب کر لیا
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں ایک ہی روز عیدالفطر منانے کا خواب اس سال بھی چکنا چور ہوتا دکھائی دے رہا ہے کیونکہ شہاب الدین پوپلزئی نے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مسجد قاسم علی خان میں اجلاس طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے علماءنے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس طلب کر لیا ہے جس کی صدارت مفتی شہاب الدین پوپلزئی کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران شوال کے چاند سے متعلق صوبے بھر سے شہادتیں وصول کی جائیں گی جس کے بعد جمعہ کے روز عیدالفطر منانے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے ملک بھر میں ایک ہی روز رمضان المبارک کے آغاز کی کوششیں کی تھیں اور اس مقصد کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مفتی پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم مفتی پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے مسجد قاسم خان میں اجلاس کی صدارت کی تھی اور ماضی کی طرح اس بار بھی سعودی عرب کے ساتھ ہی روزہ رکھنے کا اعلان کر دیا تھا۔ دوسری جانب رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 7 جولائی کو منعقد کیا گیا تھا اور چاند نظر نہ آنے کے بعد 9 جولائی کو پہلے روزے کا اعلان کیا گیا تھا۔