کارکنان کو معاف کرنے کا درس دیا ، خدا کی قسم کسی کو قتل کرنے کا حکم نہیں دیا : الطاف حسین
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے کارکنان کو معاف کرنے کا درس دیا ہے اور انہوں نے قسم کھا کر کہا ہے کہ انہوں نے کسی کو قتل کرنے کا حکم نہیں دیا ۔
کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو سازش کے تحت دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور ان کے کارکنان کو زکوة اور فطرہ جمع نہیں کرنے دیا جا رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے سیکٹر ، زونل اور یونٹ انچارج کو گرفتار کیا جا رہا ہے جبکہ ایم کیو ایم کے کارکنان کو قتل بھی کیا جا رہا ہے ۔ متحدہ کے قائد کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی کسی کے ساتھ برا نہیں کیا لیکن اگر کوئی اپنے باپ یا بھائی کا انتقام لے رہا ہو تو اس کا انہیں کوئی علم نہیں ہے ۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ان کے کہنے پر مقتول کارکنان کے لواحقین نے صبر کیا لیکن اس کے باوجود انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس وقت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری مشکل میں تھے تو انہوں نے ان کا ساتھ دیا لیکن آصف زرداری نے انہیں تنہاءچھوڑ دیا ہے ۔