دوران پرواز مسافر طیارے سے اس فیکٹری پر کیا خوفناک چیز آگری؟ جان کر آپ بھی گھبراجائیں گے
بیجنگ (نیوز ڈیسک) دن بھر درجنوں ہوائی جہاز ہمارے سروں کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے گزرتے ہیں لیکن ہم خوش قسمت ہیں کہ ان سے کوئی ایسی شے نہیں گرتی جو ایک چینی فیکٹری کے اوپر سے گزرنے والے جہاز سے گر گئی۔
چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ وائبو پر ایک خاتون صارف نے ایک عجیب و غریب دھاتی پلیٹ کی تصویر پوسٹ کی اور بتایا کہ یہ چیز ان کے جاننے و الوں کی فیکٹری میں آسمان سے گری تھی۔ یہ سخت دھات سے بنی ایک تکونی پلیٹ تھی جس کا وزن ڈیڑھ من سے زائد تھا۔
مزید پڑھیں:کیا آپ کو معلوم ہے ہر مسافر جہاز کی دُم پر اس سوراخ کے اندر کیا چیز چھپی ہوتی ہے؟ جواب آپ کو حیران کردے گا
دھاتی پلیٹ نصف شب کے قریب فیکٹری میں گری اور اس کے گرنے سے ہونے والے شدید دھماکے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ اس حیرت انگیز چیز کو تحقیقات کیلئے سونگ جیانگ شہر کے ایک پولیس سٹیشن لے جایا گیا، جہاں سے اس کے متعلق اعلیٰ حکام کو خبر کی گئی۔
بالآخر یہ معمہ اس وقت حل ہوا جب چینی سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے تصدیق کی کہ یہ دھاتی پلیٹ دراصل کسی جہاز کا زیریں دروازہ ہے جو پہیوں کو ڈھانپنے کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق دھاتی پلیٹ پر ’’میڈ ان کینیڈا‘‘ لکھا ہے اور یہ غالباً کسی بوئنگ 777 جہاز کا حصہ ہے۔