ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی کے زیر اہتمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کا انٹری ٹیسٹ 28اگست کو ہوگا

ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی کے زیر اہتمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کا انٹری ٹیسٹ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے زیر اہتمام پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ 28اگست کو ہوگا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلرمیجر جنرل ریٹائرڈ پروفیسر محمد اسلم نے جمعہ کے روز علامہ اقبال میڈیکل کالج میں انٹری ٹیسٹ کے موضوع پر تعارفی سیمینار سے خطاب کے دوران کہا کہ انٹری ٹیسٹ بیک وقت 13شہروں میں ہوگا۔ان شہروں میں لاہور، فیصل آباد ، ملتان، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ساہیوال ، سرگودھا، بہاولپور، حسن ابدال، ڈی جی خان اور رحیم یار خان شامل ہیں۔پروفیسراسلم نے مزید کہا کہ انٹری ٹیسٹ صبح9بجے شروع ہوگا اور ساڑھے 11بجے اختتام پزید ہوگا۔ اس کے بعد تمام امیدواروں کو رجحان (Aptitude)سے متعلقہ کچھ سوالات کے جواب دینے ہوں گے اور فیڈ بیک فارم بھرنا ہوں گے جس کے لیے انھیں اضافی 30منٹ دیے جائیں گے۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس نے واضح کیا کہ فیڈ بیک کے کوئی نمبر نہیں ہوں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ انٹری ٹیسٹ کا پرچہ کل 220سوالات پر مشتمل ہوگا جن میں سے 44سوالات فزکس، 58کیمسٹری، 30انگریزی اور 88بیالوجی کے ہوں گے۔ ہر سوال کے 5نمبر ہوں گے ۔ انٹری ٹیسٹ میں نیگیٹیو مارکنگ ہوگی اور ہر غلط جواب پر امیدوار کا ایک نمبر کاٹ لیا جائیگا۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے قواعد و ضوابط کی روسے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے امیدوار کا ایف ایس سی یا مساوی اہلیت کا امتحان کم از کم 60فیصد نمبر لے کر پاس کرنا ضروری ہے۔ تاہم ایسے امیدوار جن کا ایف ایس سی کا رزلٹ نہیں آیا ہے وہ بھی انٹری ٹیسٹ میں بیٹھ سکیں گے۔ انٹری ٹیسٹ کے لیے درخواست فارم بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ کی پنجاب اور اسلام آباد میں واقع تمام 139برانچوں سے 18جولائیسے دستیاب ہوں گے۔انٹری ٹیسٹ کی فیس گزشتہ برسوں کی طرح 500روپے رکھی گئی ہے۔ درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 08اگست ہوگی۔ انٹری ٹیسٹ کی درخواست کے ساتھ کوئی دستاویز جمع نہیں کرانی ہوگی۔ درخواست جمع کرانے کے 72گھنٹے کے اندر بینک ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے امیدوار کو اس کا رول نمبر اور امتحانی مرکز بھیج دے گا۔ پروفیسراسلم نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ انٹری ٹیسٹ شروع ہونے سے کم از کم ایک گھنٹہ قبل اپنے اپنے امتحانی مرکز پہنچ جائیں کیونکہ ٹھیک سوا آٹھ بجے امتحانی مراکز بند کردیے جائیں گے اور کسی کو اندر آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ اوپن میرٹ سیٹوں پر داخلے کیلئے امیدوار کے پاس پنجاب یا اسلام آباد کا ڈومیسائل ہونا ضروری ہے۔گلگت بلتستان اور غیر ملکی شہریت رکھنے والے طلبہ مخصوص سیٹوں پر داخلے کیلئے پنجاب کا انٹری ٹیسٹ دے سکیں۔ پی ایم ڈی سی کے قواعد کے روسے اس سال بھی میرٹ تشکیل دیتے ہوئے انٹری ٹیسٹ کے نمبروں کی ویٹیج 50فیصد، ایف ایس سی کے نمبروں کی 40فیصد جبکہ میٹرک کے نمبروں کی 10فیصد ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ امتحان کے دوران امتحانی مرکز میں کیمرہ ، کیلکولیٹر ، موبائل فون، کتابیں اور نوٹس لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدوار کیلئے ضروری ہے کہ وہ جوابی کاپی پر نیلے رنگ کے بال پوائنٹ سے دائرے بھر کر جواب دے۔ پینسل یا مارکر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔مزید برآں انٹری ٹیسٹ کے فوراً بعد جوابی کلید(Answer Key)انٹرنیٹ پر جاری کردی جائیگی تاکہ طلبہ اپنا رزلٹ خود تیار کرسکیں۔ یہ جوابی کلیداگلے روز اخبارات میں بھی شائع کی جائیگی۔ پروفیسراسلم نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی درسی کتب سے انٹری ٹیسٹ کی تیاری اس نصاب کے مطابق کریں جویو ایچ ایس کی ویب سائیٹ پر موجود ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے بعد صرف وہی امیدوار اوپن میرٹ میں داخلے کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے جن کے کم از کم مجموعی نمبر 82فیصد یا اس سے زائد ہوں۔انھوں نے کہا کہ اس سال پنجاب کے 17سرکاری کالجز میں اوپن میرٹ کی سیٹوں کی تعداد 3022جبکہ بی ڈی ایس کی سیٹوں کی تعداد175ہے۔ اس کے علاوہ سندھ کے امیدواروں کیلئے09، کے پی کے کیلئے06، بلوچستان کیلئے 26، آزد جموں کشمیر کیلئے 49، گلگت بلتستان کیلئے 64، فاٹا کیلئے 17، غیر ملکی طلبہ(ریگولر فیس) کیلئے85،اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کیلئے76، معذور طلبہ کیلئے20، پسماندہ اضلاع کیلئے 61، چولستان کیلئے01اور افغان مہاجرین کیلئے بھی 01نشست مخصوص ہے۔