دشمن کوقوم پرجارحیت مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: اسماعیل ھنیہ
غزہ (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی قوتیں صہیونی ریاست کو غزہ کی پٹی میں جارحیت مسلط کرنے اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی اجازت نہیں دی جائے گی، فلسطینی مزاحمت کو صہیونیوں پر بالادستی اور فوقیت حاصل ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایک اجتماع سے خطاب میں ھنیہ کا کہناتھا کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی روک تھام کے لیے مختلف ممالک اور قوتوں نے کردار ادا کیا ہے۔ فلسطینی مزاحمت کو صہیونیوں پر بالادستی اور فوقیت حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی دشمن غزہ کے عوام کو3 بار تباہ کن جنگوں میں آزما چکا ہے، فلسطینی قوم نے دشمن کے ہاتھ سے اپنی فتح سلب کرکے حاصل کی اگرچہ فلسطینی قوم کو بے پناہ جانی اور مالی قربانیاں دینا پڑیں مگر آخر کار شکست صہیونی ریاست کا مقدمہ ٹھہری ہے۔ فلسطینی مزاحمتی جماعتیں صہیونی غاصبوں کے تعاقب میں ہیں۔
حماس رہنما نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی پر حملے کرکے پرامن حق واپسی کی تحریک ناکام بنانا چاہتا ہے مگر دشمن کی یہ سازش کسی صورت میں کامیاب نہیں ہوگی۔ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ محاصرہ جلد ختم ہوگا اور فلسطینیوں کو محصور کرنے اور غزہ کو ایک جیل میں تبدیل کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ امریکی حکومت کی طرف سے پیش کردہ صدی کی ڈیل منصوبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، صدی کی ڈیل گہری سازش ہے مگر اسے نہ تو فلسطینی قوم قبول کرے گی اور نہ ہی علاقائی طاقتیں اسے تسلیم کریں گی۔