’تمام پاکستانیوں کو چاہیے اس سکیم سے فائدہ اْٹھا لیں‘ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے اعلان کردیا
ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارت میں غیر قانونی طور پر مقیم تمام پاکستانی شہریوں کے لئے اہم اعلان کر دیا گیا ہے کہ اگر وہ سزا و دیگر مشکلات سے بچنا چاہتے ہیں تو اماراتی حکومت کی جانب سے عنقریب متعارف کروائی جانے والی ایمنیسٹی سکیم سے ضرور فائدہ اُٹھائیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ابو ظہبی میں پاکستانی سفارتخانے اور دبئی قونصلیٹ کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کیلئے ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یکم اگست سے ایمنیسٹی سکیم کا آغاز ہورہا ہے جو اکتوبر کے آخر تک جاری رہے گی۔وہ تمام افراد جن کے پاس سفری دستاویزات (پاسپورٹ)نہیں ہیں اُن پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سفارتخانے یا قونصلیٹ سے رابطہ کریں۔ ایمنیسٹی سکیم کے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کیلئے پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویلفیئر سیکشن سے بھی رابطہ کریں۔
دبئی قونصلیٹ میں تعیناتی ایک ویلفیئر آفیسر کا کہنا تھا کہ اماراتی حکومت سے اس بارے میں مزید معلومات لی جا رہی ہیں کہ ایمنیسٹی سکیم کا نفاذ کس طرح کیا جائے۔ سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ امیگریشن کے پاس براہ راست جانے سے پہلے سفارتخانے یا قونصلیٹ سے راہنمائی لے لی جائے تو اس کا بہت فائدہ ہوگا۔
ایمنیسٹی سکیم کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو تین ماہ کا وقت دیا جائے گا جس کے دوران یا تو وہ رضا کارانہ طور پر وطن واپس جا سکتے ہیں یا مقررہ فیس کی ادائیگی کر کے اپنے قانونی سٹیٹس کو درست کروا سکتے ہیں۔ تین ماہ کی ایمنیسٹی سکیم 31 اکتوبر کے روز ختم ہوجائے گی۔