سپیکرقومی اسمبلی کا گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار، ایک دن کا اجلاس ہے،معاملہ آئندہ اجلاس میں دیکھیں گے: اسد قیصر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصر نے اپوزیشن کی درخواست پر طلب کردہ اجلاس کیلئےگرفتارارکان کےپروڈکشن آرڈرجاری کرنےسے انکار کردیا ہے، درخواست گزاروں کو اس بارے میں باقاعدہ طورپر آگاہ کردیا گیا، 29جولائی کے سیشن کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ایک بار پھر پانچوں ارکان کے پروڈکشن آرڈر کی درخواستیں جمع کروائی جائیں گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ہاوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا جس میں اپوزیشن جماعتوں نے گرفتار ارکان کے پر وڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ایک دن کا اجلاس ہے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ آئندہ اجلاس میں دیکھیں گے۔ رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آئندہ 29 جولائی کو طلب کیا جائے گا جو اگست کے دوسرے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہےکیونکہ اس دوران پارلیمانی سال مکمل ہو جائے گا جس کیلئے مزیدورکنگ ڈیزدرکارہیں۔قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں نےپانچ اراکین قومی اسمبلی کےپروڈکشن آرڈرزکیلئےسپیکرکو باقاعدہ طورپردرخواست دی تھی۔درخواست اپوزیشن لیڈرمیاں شہبازشریف، خرم دستگیر، خواجہ آصف، رانا تنویر، ایازصادق راجہ پروویز اشرف شاہد خاقان عباسی اور پیر فضل علی شاہ جیلانی اوردیگر نے جمع کرائی ۔سابق صدر آصف زرداری،راناثنااللہ اورخواجہ سعد رفیق، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست کی گئی کہ منتخب اراکین قومی اسمبلی کی کارروائی میں شرکت سے محروم ہیں جبکہ قواعد کے مطابق سپیکریاچیئرمین کمیٹی زیرحراست رکن کواجلاس میں شرکت کیلئے بلاسکتا ہے۔