مانیٹری پالیسی عمران خان حکومت کے خلاف چارج شیٹ ،پالیسی ریٹ میں مزید ایک فیصد اضافہ کر کے ملکی معیشت پر خودکش حملہ کیا گیا:مفتاح اسماعیل
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےمانیٹری پالیسی پر حکومت کو آرے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سٹیٹ بینک کی پالیسی نہیں عمران خان حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے،پالیسی ریٹ میں مزید ایک فیصد اضافہ کر کے ملکی معیشت پر خودکش حملہ کیا گیا ہے،ملک میں مانیٹری پالیسی نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی، اب صرف آئی ایم ایف کی ہدایات پر عمل ہورہا ہے،حکومت جھوٹ پر زندہ ہے، حالات یہی رہے تو ملک نہیں چل سکتا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ میں مزید ایک فیصد اضافہ کر کے ملکی معیشت پر خودکش حملہ کیا گیا ہے،سٹیٹ بینک اور معاشی پالیسی آئی ایم ایف کے کنٹرول میں ہے، مہنگائی میں اضافہ حکومت کی کی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ،موجودہ پالیسی ریٹ پر صنعت و کاروبار تو دور ریڑھی بھی نہیں لگائی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہحکومت کی بس ایک ہی پالیسی ہےکہ اس کی کوئی پالیسی نہیں،حکومتی نالائقی ڈالر میں اضافہ، پالیسی ریٹ میں اضافہ، مہنگائی میں اضافہ، افراط زر میں اضافہ، بیروزگاری میں اضافہ، قرضوں میں اضافہ کی صورت ظاہر ہو رہا ہے۔ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عوام کی چیخوں میں اضافہ، آٹے اور روٹی کی قیمت میں اضافہ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی بے حسی کی علامات ہیں،حکومت جھوٹ پر زندہ ہے، حالات یہی رہے تو ملک نہیں چل سکتا۔