”یہاں ہنسنا منع ہے “امریکی علاقے میں ایسی پابندی لگ گئی جسے سن کر آپ ہنسنے پر مجبور ہو جائیں گے ،لیکن کیوں؟جانئے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) آبادیوں میں بلند آواز میں موسیقی چلانے یا اس نوع کی دیگر حرکات سے تو ہمسائے تنگ ہوتے ہیں اور ان سے منع کرتے ہیں لیکن آپ کو یہ سن کر شدید حیرت ہو گی کہ امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئیول کے ایک علاقے میں بلند آواز میں بات کرنے اور قہقہہ لگا کر ہنسنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 9نیوز کے مطابق یہ پابندی کیسٹریل کمیونٹی میں لگائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مقامی انتظامیہ کے ڈیپارٹمنٹ آف ہاﺅسنگ اینڈ ہیومن سروسز کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں علاقہ مکینوں سے کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں اتنی ہی آواز میں بات کریں جتنی آواز میں لائبریری میں بات کی جاتی ہے۔ یہاں رہتے ہوئے ایسے ہی رہیں جیسے آپ لائبریری میں موجود ہوں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آپ کو اپنے ہمسایوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ ہو سکتا ہے وہ آرام کر رہے ہوں اور آپ کے قہقہوں اور بلند آواز میں بات کرنے سے ان کے آرام میں خلل پیدا ہو۔ خاص طور پر علاقے کے وہ شہری جن کی عمر 55سال سے زائد ہے، ان کے لیے آپ کی بلند آواز یا قہقہہ تکلیف کا باعث ہو سکتا ہے۔ علاقے کے اکثر لوگوں نے تو اس نوٹیفکیشن کا خیرمقدم کیا ہے لیکن بے شمار ایسے بھی ہیں جو اس پر غصے میں ہیں۔ ایک عمر رسیدہ خاتون جواینی جیٹ کا کہنا تھا کہ ”یہ نوٹیفکیشن مجھ جیسے عمر رسیدہ افراد کو ذہن میں رکھتے ہوئے جاری کیا گیا ہے لیکن انتظامیہ کو سوچنا چاہیے کہ ہم جیسے اکثر عمر رسیدہ افراد کی قوت سماعت کمزور ہوتی ہے۔ اگر ہمارے گھر والے سرگوشیوں میں ہم سے بات کریں گے تو ہمیں کیا خاک سمجھ آئے گی؟“