”تم میری گاڑی چوری کر رہے ہو ،میں یہ واپس چوری کرلوں گی “امریکی خاتون نے تنگ آ کر ایسی حرکت کرڈالی کہ پولیس بھی پریشان ہوگئی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست میسوری ایک تفتیش کار خاتون کے گھر میں چور گھس آیا اور اس کے کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈز کے ساتھ ساتھ اس کی گاڑی بھی چوری کرکے لے گیا، مگر اس خاتون نے ایسا کام کیا کہ سن کر آپ کو ”چوروں کو پڑ گئے مور“ والی کہاوت یاد آ جائے گی۔ ویب سائٹ ky3.com کے مطابق ڈینیئلی رینو نامی اس خاتون کے گھر چوری ہوئی تو اس نے اپنے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز سے کی جانے والی خریداریوں کے ذریعے چور کا سراغ لگانا شروع کر دیا۔
چند گھنٹے میں ہی ڈینیئلی چور تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔ تاہم اس نے پولیس کو اطلاع دینے کی بجائے موقعے کا انتظار کیا اور جونہی موقع ملا، اس چور کے گھر میں گھس کر نہ صرف اپنے کارڈز بلکہ گاڑی بھی چوری کر لی اور واپس لے گئی۔ ڈینیئلی نے اپنا سامان واپس لینے کے بعد پولیس کو اطلاع دی جس نے چور کو گرفتار کر لیا۔ ڈینیئلی کا کہنا تھا کہ ”چور نے ان چند گھنٹوں میں میری گاڑی کی ایسی حالت کر دی تھی کہ وہ چلنے کے قابل بھی نہ رہی تھی۔ میں اسے بمشکل واپس گھر لائی۔“