مائنز کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے،عارف احمد زئی

مائنز کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے،عارف احمد زئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی سے بدھ کے روز چیف انسپکٹریٹ آف مائنز اینڈ منرلز فلک زمان نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں کوہاٹ سمیت تمام صوبے میں کان کنی و معدنیات سے وابستہ کاروبار، مزدوروں اور ذخائر سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔چیف انسپکٹریٹ برائے مائنز و منرلز خیبرپختونخوا کو ہدایات جاری کرتے ہوئے معاون خصوصی عارف احمدزئی نے ریمارکس دیئے کہ کوہاٹ میں معدنیات کے ذخائر میں آگ کے واقعات پر قابو پانے کے لیے بروقت عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں کہیں مائنز و منرلز کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا وہاں پر قانونی کارروائیاں کی جائیں اور متعلقہ سائٹ فوری طور پر بندکی جائے۔معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کان کنی سائٹس پر مزدوروں کے حقوق کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام معدنی ذخائر کی سائٹس پر کام کرنے والے ورکرز کے مالی و جانی تحفظ کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔معاون معدنیات نے مزید ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 15 دن کے اندر اندر تمام منرلز مائنز کے سائٹس کا معائنہ کیا جائے اور وہاں پر آگ بجھانے اور کام کرنے کے حوالے سے موجود ایس او پیز دیکھے جائیں۔ تاکہ مستقبل میں کسی بھی مالی و جانی نقصان سے بچا جا سکے۔