مویشی منڈیوں میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں

مویشی منڈیوں میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر) مویشی منڈیوں میں کورونا ایس اوپیز کا خیال رکھنے کے حکومتی دعوے دھرے رہ گئے۔ لاہور میں فعال ہونے والی مویشی منڈیوں میں شہریوں نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑادیں۔ لاہور میں کہیں مویشی منڈیاں فعال تو کہیں انتظامات جاری ہیں۔ حکام کا دعویٰ تھا کہ مویشی منڈیوں میں کورونا ایس اوپیز کا مکمل خیال رکھا جائے گا تاہم منڈیاں لگنے کے پہلے ہی روز حکومتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی۔شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ بیوپاریوں اور خریداروں نے سماجی فاصلوں کو یکسر نظر انداز کردیا۔ کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ کا کوئی اہلکار بھی دکھائی نہ دیا۔ منڈی میں داخلے کے لیے کسی کا ماسک چیک کیا گیا نہ ہی درجہ حرارت ماپا گیا۔ پابندی کے باجود معمر افراد اور بچے بھی یہاں گھومتے پھرتے دکھائی دئیے۔ صارفین اور بیوپاریوں نے ایس اوپیز کی خلاف ورزی کا ذمہ دار انتظامیہ کو ٹھہرادیا۔حکام کا دعویٰ تھا کہ کورونا ایس اوپیز کے مطابق لاہور میں 12 مقامات پر مویشی منڈیاں قائم ہوں گی۔
تاہم ٹریفک رواں رکھنے کے لیے کہیں کہیں وارڈن تو متحرک دکھائی دئیے لیکن دیگر اعلانات بس زبانی جمع خرچ تک محدود ہوگئے۔