فیڈ مک اکنامک زونز میں کسٹمر ز سروس او ر بزنس سنٹر کے قیام کا فیصلہ
فیصل آباد(اے پی پی)فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے خصوصی اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے والے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے سٹیٹ ۱ٓف دی ۱ٓرٹ کسٹمر ز سروس اینڈ سپورٹ سنٹر اور بزنس سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو تمام درکار سہولیات موقع پر فراہم کرنے کیلئے بھی بھرپور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ فیڈمک کے ترجمان نے بتایا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ کسٹمر سروس اینڈ سپورٹ سنٹر میں پولیس خدمت سنٹر، ایف بی آر، نادرا، فیسکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل اور جی پی او سمیت ہر سرکاری ادارے کے نمائندے موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سرمایہ کاروں کو مختلف سرکاری اداروں سے متعلقہ کاموں کی تکمیل کیلئے بار بار شہر کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک سے سرمایہ کاری کرنیوالے افراد اور کمپنیوں کو عارضی بنیادوں پر تیار شدہ دفاتر اور تربیت یافتہ سپورٹنگ سٹاف فراہم کرنے کیلئے ایک بزنس سنٹر بھی قائم کیا جائے گا تاکہ سرمایہ کار اپنے دفاتر کے قیام تک بزنس سنٹر میں دفاتر لے کر اپنے کاروباری امور سر انجام دے سکیں۔