پنجاب کے تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے بلوچستان کے طلبہ کا کوٹہ بڑھائیں گے: عثمان بزدار

    پنجاب کے تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے بلوچستان کے طلبہ کا کوٹہ بڑھائیں ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداربلوچستان کے ضلع زیارت گئے -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیارت میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ریزیڈنسی کا دورہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قائداعظم ریزیڈنسی کے مختلف حصے دیکھے-وزیراعلیٰ نے قائد اعظم ریزیڈنسی میں بانی پاکستان کے زیر استعمال اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیااورقائداعظم ریزیڈنسی کی شاندار انداز میں تعمیر وبحالی پرخوشی کااظہارکیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے حکومت پنجاب کی طرف سے قائداعظم ریزیڈنسی کیلئے تعاون کی پیشکش کی-وزیراعلیٰ نے کہاکہ قائداعظم ریزیڈنسی پاکستان کا اثاثہ ہے، دل و جان سے حفاظت کریں گے۔قائداعظم سے منسوب ہر یادگار پاکستانیوں کو جان سے پیاری ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح کا احسان ہم تا قیامت نہیں اتار سکتے اورایسے عظیم رہنما صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں -پاکستان کے مسائل کاحل قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات میں مضمر ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے زیارت میں قبائلی عمائدین اورمعززین علاقہ نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا-قبائلی عمائدین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی بلوچستان آمد ہمارے لئے بے حد خوشی کا باعث ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ حکومت بلوچستان کے تعاون سے آپ کے مسائل حل کریں گے۔ ترقی کے سفر میں پنجاب بلوچستان کو ساتھ لے کر چلے گا۔ محبتیں بڑھانے کیلئے آپ کے پاس آیا ہوں۔پنجاب کے لوگ بلوچستان کے بھائیوں سے دلی وابستگی رکھتے ہیں - پنجاب حکومت تفتان میں کمیونٹی سنٹر،تربت میں 75کروڑ روپے کا ہسپتال، گوادر میں پنجاب ہاؤس اور خاران میں ٹیکنیکل کالج بنا رہی ہے-پنجاب کے دانش سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے بلوچستان کے طلبا کا کوٹہ بڑھائیں گے-زیارت میں تعلیم کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں گے-زیارت ٹو لورا لائی روڈ کو دورویہ کرنے کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اورصوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ سے بات کریں گے اور پنجاب حکومت بھی اس ضمن میں تعاون کرے گی-انہوں نے کہاکہ بلوچستان میرا گھر اور پنجاب آپ کا گھر ہے-یہاں آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے-وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی میں پنجاب سے زیادہ حصہ بلوچستان کو دیاہے جو ہماری پارٹی کی تبدیلی کی علامت ہے-زیارت میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو قبائلی عمائدین نے روایتی بلوچی انداز میں خوش آمدید کہا- بلوچستان کے صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے -قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار زیارت پہنچے تو بلوچستان کابینہ کے وزراء، چیف سیکرٹری بلوچستان اور اعلی حکام نے ان کا خیر مقدم کیا-

وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تونسہ شریف اور پنجاب کے آخری سرحدی مقام کھرڑبزدار کا دورہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار سوکڑ میں تونسہ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار اطہر خان ملغانی مرحوم کی رہائشگاہ پر گئے اور اطہر خان ملغانی کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کااظہار کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اطہر خان ملغانی مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا مغفرت کی-وزیراعلیٰ نے کہاکہ وکلاء برداری کے لئے مرحوم اطہر خان ملغانی کی خدمات یاد رکھی جائے گی۔اطہر خان ملغانی قانون کی پاسداری کے علمبردار تھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اطہر خان ملغانی مرحوم کے بھائی سردار اکرم خان ملغانی اوراہل خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا-بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت بزدار ہاؤس تونسہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقدہوا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تونسہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی-وزیراعلیٰ نے تونسہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جا ئزہ لیا اورہدایت کی کہ عوامی سہولت کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔تونسہ میں کھیل کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کرکٹ سٹیڈیم بنایاجا رہاہے-10کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والا کرکٹ سٹیڈیم تونسہ کے کھلاڑیوں کے لئے تحفہ ہے-کرکٹ سٹیڈیم کو جلد مکمل کر کے کھیلوں کے لئے کھو لاجائے گا-تحصیل سپورٹس کمپلیکس شاہ سلیمان سٹیڈیم رواں برس مکمل کیاجائے گا- شاہ سلیمان سٹیڈیم پر 35ملین روپے کی لاگت آئے گی- ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے خطے میں ہنرمندی کو فروغ ملے گا-ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اگلے سال ہر حال میں مکمل کیاجائے گا- انہوں نے کہاکہ قصبہ سوکڑ کے گرلزہائی سکول کو ہائر سکینڈری سکول کا درجہ دیں گے -وزیراعلیٰ نے بعلانی کے گرلز مڈل سکول کو اپ گریڈ کر کے ہائی سکول بنانے کا ا علان کیا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کردیا ہے اور مختص بجٹ 33 فیصد صرف اسی علاقہ پر خرچ ہوگا- کھرڑبزدار سمیت ہر پسماندہ علاقے کی ترقی چاہتا ہوں۔کھرڑ بزدار سمیت کوہ سلیمان کے علاقے فطری حسن سے مالامال ہیں۔ کوہ سلیمان کے علاقوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔پنجاب کے ساتھ بلوچستان کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے-وزیر اعلی بلوچستان سے مشترکہ رابطہ سڑکوں کو پختہ کرنے کی بات کروں گا۔وزیراعلیٰ نے کھرڑبزدار میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا- وزیراعلیٰ کو کھرڑ بزدار کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی- قبائلی عمائدین و مقدمین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سردار عثمان بزدارکی کھرڑ بزدار آمد کسی جشن سے کم نہیں ہے-آج کا دن ہمارے لئے بہت خوشی لیکر آیا ہے-ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان بھی ہمراہ تھے- سردار عثمان بزدارنے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیاہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کورونا کے باعث شہیدڈاکٹرمصطفی کمال پاشا کی شعبہ طب اور تدریس میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کی کورونا سے نمٹنے کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا-وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اجلاس سے خطاب

مزید :

صفحہ اول -