لاہور سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، بجلی نظام درہم برہم

لاہور سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، بجلی نظام درہم برہم

  

لاہور (جنرل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت لاہور شہر میں مون سون کی تیز بارش نے جل تھل کر دیا۔ چند منٹوں میں متعدد علاقے زیر آب آ گئے، گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ میکلوڈ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، گڑھی شاہو، ریلوے سٹیشن، جیل روڈ، مزنگ چونگی، سمن آباد، اچھرہ، مسلم ٹاون، شاہدرہ، دھرمپورہ، مغلپورہ، تاجپورہ اور ہربنس پورہ سمیت گرد ونو ا ح میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار ہو گیا۔شہر کے مختلف علاقوں میں ہونیوالی تیز بارش اور آندھی کے باعث لیسکو کا ترسیلی نظام شدید متاثر اور 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ گلبرگ، کیولری گراونڈ، نشاط کالونی، والٹن روڈ، چونگی امرسدھو، کوٹ لکھپت، ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاون، ٹاون شپ، شادی پورہ، علا مہ اقبال ٹاون، شیرا کوٹ، کوٹ محمدی کے متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔ بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔چند منٹوں کیلئے ہونیوالی تیز بارش سے لکشمی چوک تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔ بارش اور تیز آندھی سے مال روڈ سمیت متعدد علاقوں میں کئی درخت گرگئے، جبکہ گورنر ہاؤس کے سامنے گرنیوالے بڑے درخت کے باعث ٹریفک کو مشکلا ت کا سامنا رہا۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے، تاہم بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، زیریں سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران گلگت بلتستان کشمیر اور خیبرپختونخوا میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔سب سے زیادہ بارش گوپس 02، استور، بگروٹ 01، دیر اور بالا کوٹ میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق نوکنڈی، دادو 45، دالبندین، بھکر اور رحیم یار خان میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بارش

مزید :

صفحہ اول -