ای سی سی، اے ڈی بی کو پاکستان روپیہ لنکڈ بانڈز جاری کرنیکی اجازت
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اے ڈی بی کو پاکستان روپیہ لنکڈ بانڈز، ایس این جی پی ایل کو ایک ارب روپے جاری کر نے اور بیرون ملک 22.5 ملین سعودی ریال کی ایکوئٹی سرمایہ کاری،پورٹ قاسم کے شمالی و جنوبی صنعتی زونز کیلئے 5 ترقیاتی منصوبوں کی منظو ر ی دیدی۔ بدھ کو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونیوالے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس کو گندم اور آٹے کی دستیابی کے بارے میں وزارت فوڈ کی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور گندم کی درآمد کی صورت میں اس کی قیمت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کو بتایاگیا کہ صوبائی حکومتیں اور پاسکو گندم کی 79 فیصد تک پروکیورمنٹ کر چکی ہیں، ای سی سی نے گندم کی پروکیورمنٹ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اے ڈی بی کو پاکستان روپیہ لنکڈ بانڈز جاری کرنے کی اجازت دیدی۔ اجلاس کے فیصلے کے مطابق یہ پروگرام ز یا دہ سے زیادہ 200 ملین ڈالر تک رکھا جائے گا۔اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے ایس این جی پی ایل کو ایک ارب روپے جاری کرنیکی منظو ری دیدی،یہ رقم گیس ذخائر کے علاقوں میں دیہات کو گیس کی فراہمی کیلئے استعمال ہوگی،بیرون ملک 22.5 ملین سعودی ریال کی ایکوئٹی سرمایہ کاری کی بھی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے ای آفس پروگرام کے اطلاق کیلئے ایل ایم کے آر کیخلاف انکوائریاں اور شکایات واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔ ای سی سی نے پورٹ قاسم کے شمالی اور جنوبی صنعتی زونز کیلئے 5 ترقیاتی منصوبوں اور پورٹ قاسم کے علاقے میں پمپ ہاوسز، زیر زمین واٹر ٹینکس منصوبوں کی منظوری دیدی۔ اعلامیہ کے مطابق پورٹ قاسم صنعتی زون میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے اور کراچی میں سیوریج سسٹم کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے گندم کی خریداری جلد مکمل کرنے اور 82 لاکھ ٹن ذخائر فوری محفوظ کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں، اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کیا گیا کہ اجلاس کو گندم اور آٹے کی دستیابی کے بارے میں وزارت فوڈ کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گندم کی درآمد کی صورت میں اس کی قیمت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی