سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ ختم کرنا ظلم،شہباز شریف

      سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ ختم کرنا ظلم،شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ ختم کرنے کی مخالفت کردی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ ختم کرنا ظلم کی انتہاء ہے،جب وزیراعظم کا دولاکھ میں گزارا نہیں تو سرکاری ملازم چند ہزار میں کیسے گزارا کرے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پورے پاکستان کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کرچکی ہے،سرکاری ملازمین اور عوام کیخلاف حکومت ظالمانہ اقدامات واپس لے۔ انہوں نے کہاکہ ثابت ہوگیا کہ یہ عوام کی نہیں آئی ایم ایف کی غلام حکومت ہے،عوام پر ظلم ڈھانے والوں نے کہاتھا کہ خود کشی کرلیں گے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کی شرائط قوم کے گلے کا پھندا بن چکی ہیں،موجودہ حکومت سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کیلئے بری خبر ہے،سرکاری ملازمین کیخلاف ظالمانہ اقدامات برداشت نہیں کریں گے،سرکاری ملازمین اور عوام کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، ظالم حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -