کورونا سے مزید 45افراد جاں بحق، 1853نئے کیسز، پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر کیلئے کورونا سے متاثر نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار

      کورونا سے مزید 45افراد جاں بحق، 1853نئے کیسز، پاکستانیوں کے بیرون ملک سفر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور، اسلام آباد، کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ملک میں کورونا سے مزید 45 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 5411 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 256909 تک جاپہنچی ہیں۔اب تک پنجاب میں 2043، سندھ میں 1888 اور خیبر پختونخوا میں 1114 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ اسلام آباد میں 155، بلوچستان میں 127، آزاد کشمیر میں 46 اور گلگت بلتستان میں 38 افراد کا انتقال ہوا ہے۔ بدھ کے روزملک بھر سے کورونا کے مزید 1853 کیسز اور 45 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 1140 کیسز اور 25 اموات، پنجاب سے 553 کیسز 17 ہلاکتیں، اسلام آباد 113 کیسز، گلگت 14 کیسز 2 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے 33 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔سندھ میں مزید 1140 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 25 نئی اموات بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11060 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1140 نئے کیسز سامنے آئے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 25 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 1888 ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں اس وقت 36733 مریض زیر علاج ہیں جس میں سے 736 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں 4872 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں اب تک صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 70292 ہو گئی ہے۔پنجاب سے کورونا کے 553 کیسز اور 17 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے کی جانب سے کی گئی ہے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کْل تعداد 88045 اور ہلاکتیں 2043 ہوچکی ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا کے 64148 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 113کیسز سامنےٓئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 14315 اور ہلاکتیں 155 ہوگئی ہیں۔اس کے علاوہ شہر میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 11332 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان سے کورونا کے مزید 14 نئے کیسز اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہیں۔پورٹل کے مطابق گلگت میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 1708 ہوگئی ہے جب کہ وہاں اموات کی تعداد 38 ہے۔گلگت میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1376 ہے۔آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید 33 کیسز اور ایک ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
کورونا ہلاکتیں

اسلام آباد، کوئٹہ، کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)) کورونا وباؤ کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے غیر ملکی ایئر لائنز نے پاکستانی مسافروں کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔قطر، اتحاد اور امارات ایئرلائنز نے پاکستانی مسافروں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق پاکستان بیرون ممالک جانے مسافروں کے لئے کورونا وائرس سے متاثر نہ ہونے کا سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔پاکستان سے بیرون ملک روانگی سے چار دن قبل ایئر لائنز کی منظور شدہ لیبارٹریز سے کورونا ٹیسٹ کروانا ہوں گے، ان غیر ملکی ایئر لائنز کے ذریعے سفر کرنے کے خواہش افراد لیبارٹریز کی فہرست متعلقہ ایئر لائن کے دفاتر، ان کی ویب سائٹ یا ٹریول ایجنٹس سے معلوم کر سکتے ہیں۔حکومت بلوچستان نے سمارٹ لاک ڈاؤن میں 30 جولائی تک توسیع کر دی۔محکمہ داخلہ کے جاری احکامات کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن کی مدت گزشتہ روزختم ہوگئی تھی جس کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جاری سمارٹ لاک ڈاؤن میں 30 جولائی تک توسیع کر دی گئی ہے۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد میں 4 مویشی منڈیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے چیف میونسپل آفیسر کی مویشی منڈیوں سے متعلق تجاویز مان لیں۔اسلام آباد کے علاقوں بھارہ کہو، ترا مڑی، روات اور ترنول میں مویشی منڈیاں لگیں گی، عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے مویشی منڈیاں کم سے کم ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این سی او سی نے بھی اسلام آباد میٹرو پولیٹین کارپوریشن کی تجاویز منظور کر لیں۔مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں، شہریوں کیلئے موثر حفاظتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سندھ میں بھی ایس او پیز کے تحت مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم بچوں کے داخلے پر پابندی عائد ہو گی۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں مویشی منڈیاں کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق تمام مویشی منڈیاں ایس او پی کے تحت کھولی جائیں گی، محکمہ داخلہ آج مویشی منڈیوں سے متعلق ایس او پی جاری کر دے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلی محلوں میں مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت نہیں ہو گی اور بچوں کے مویشی منڈیوں میں بچوں کے جانے پر پابندی ہو گی۔
مویشی منڈیاں

مزید :

صفحہ اول -