ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت یونٹس کی تعمیر جاری‘ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت یونٹس کی تعمیر جاری‘ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

  

لاہور(این این آئی)ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں کے ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے یونٹوں کی تعمیر کا کام جاری ہے،ایک ہزارچار سو 35 بستر کوروناوائرس کے مریضوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ ڈاکٹروں اورمعاون طبی عملے کو میڈیکل کٹس فراہم کی جارہی ہیں رواں سال اڑھائی ہزار آکسیجن بیڈز لگانے کا ہدف ہے۔لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ہسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر آکسیجن بیڈز لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف طبی عملے کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور ہسپتالوں کا دورہ کیا اور کورونا وائرس کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔ بریگیڈیئر عاصم سلیمان اور کرنل کامران عزیز بھی اس موقع پر موجود رہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے بچا کیلئے تمام سہولیات بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان بھر میں آکسیجن بیڈز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،رواں سال اڑھائی ہزار آکسیجن بیڈز لگانے کا ہدف ہے۔لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے ہیلتھ پروفیشنلز کی بہادری، جرات اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ طبی عملہ مشکل کی اس گھڑی میں فرائض کی ادائیگی کر رہا ہے، کورونا کے خلاف ڈاکٹرز کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو یونیورسٹی کی خدمات اورہسپتالوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

مزید :

صفحہ آخر -