کرپشن،لوٹ مار اپوزیشن کی لائف لائن تھی جسے کاٹ دیا، مسرت جمشید

      کرپشن،لوٹ مار اپوزیشن کی لائف لائن تھی جسے کاٹ دیا، مسرت جمشید

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ملک و قوم کیلئے نہیں بلکہ اپنے گلے شکوے دور کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانا چاہتی ہیں، کرپشن اور لوٹ مار اپوزیشن کی سیاست کی لائف لائن تھی جسے کاٹ دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نجی تعلیمی ادارے میں طالبات کے ساتھ ہراسگی کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے، ہماری اپیل کے باوجود ابھی تک والدین نے کارروائی کے لئے کوئی درخواست نہیں دی اور جب تک درخواست نہیں آئے گی پولیس کارروائی آگے نہیں بڑھا سکتی۔ میڈیا کیلئے جاری اپنے ویڈیو بیان اور ایک انٹر ویو میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ نجی سکول کی طالبات کے ساتھ پیش آنے والے ہراسگی کے معاملے پر والدین سے اپیل کی ہے کہ آپ درخواست دیں کیونکہ اس کے بغیر قانونی کارروائی ممکن نہیں لیکن جب کسی بھی کیس میں درخواست دینے والا نہیں ہوگا معاملہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ہم نے یہاں تک کہا ہے کہ بچیوں اور ان کے والدین کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے اور اس واقعہ کے ذمہ داران کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔بد قسمتی سے والدین کی جانب سے ابھی تک کوئی درخواست نہیں آئی تاکہ قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔ہم نے پریس کانفرنس میں واقعہ میں ملوث ذمہ داران کی تصاویراور نام کے ذریعے نشاندہی کی تاکہ انہیں پورے پاکستان میں کہیں بھی دوبارہ نوکری نہ مل سکے۔ جہاں تک والدین کودھمکیاں ملنے کا سوال ہے تو وہ پولیس سے رجوع کریں، انہیں کس نمبرز سے دھمکیاں دی جارہی ہیں اس کی نوعیت کیا ہے پولیس ضرور ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے گی۔ ہماری اطلاعات کے مطابق واقعہ کے ذمہ دار انڈر گراؤنڈ ہیں اور یقینا ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

مسرت جمشید

مزید :

صفحہ آخر -