حکومت نے کورونا پھیلاؤ روکا، ہماری سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی دنیا نے اپنائی: عارف علوی
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معیشت، تعلیم اور سرمایہ کاری کی ڈیجیٹلائزیشن سے پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا، پاکستان تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا رہا ہے، مستقبل میں بہت سے امور کی انجام دہی انٹرنیٹ کے توسط سے مزید آسان ہو جائے گی، سٹیٹ بینک رواں سال اکتوبر میں آن لائن ادائیگیاں شروع کرنے پر کام کر رہاہے، کورونا وبا کے دوران صحت،تعلیم اور کاروباری شعبہ میں انٹرنیٹ کی مانگ میں اضافہ ہوا،عید الاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں، بازاروں اور عید نماز کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح اور نماز عید الفطر کے لئے جو ایس او پیز وضع کئے تھے دنیا نے اس کی پیروی کی، حکومتی اقدامات کے باعث کورونا وبا کی روک تھام میں نمایاں کامیابی ملی ہے۔ بدھ کو ہائی سپیڈ موبائل براڈ بینڈ پروجیکٹ سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ سال سافٹ ویئر برآمدات میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔دنیا میں نرسز کی آن لائن ٹریننگ کی جاتی ہے۔ ورچوئل یونیورسٹی آن لائن تعلیم کے ذریعے سستی اور معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی دور دراز علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں، بازاروں اور عید کی نماز کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔صدر مملکت نے کہا کہ خدشہ تھا کہ کورونا وبا تیزی سے پھیلے گی تاہم حکومتی بروقت اقدامات کے باعث کورونا وبا کے مریضوں کے لئے بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی کمی نہیں ہوئی۔ حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ہماری سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کو دنیا نے بھی اپنایا۔
عارف علوی