تعلیمی مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑیں گے: شفقت محمود

        تعلیمی مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑیں گے: شفقت ...

  

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہاہے کہ صوبوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے آن لائن لرننگ کے مسائل اور انکے حل کیلئے جلد از جلد مشاورت کا عمل مکمل کر کے حتمی سفارشات کی رپورٹ تیار کی جائے جو وزیر اعظم اور کیبنٹ کو پیش کی جائے گی، تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے اور تعلیمی مسائل کے حل کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں چھوڑیں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے، وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر طلبہ کو درپیش آن لائن لرننگ کے مسائل اور انٹر نیٹ ربط سازی کو مزید بہتر کرنے کیلئے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پی ٹی اے، وزارت آئی ٹی، یونیورسل سروس فنڈ، ایچ ای سی اور وزارت تعلیم کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی،موجودہ انٹر نیٹ کی سروس کوالٹی کو بہتر بنانے پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پی ٹی اے، وزارت آئی ٹی، اور یو ایس ایف نے مسائل اور انکے حل کیلئے اپنا اپنا موقف پیش کیا۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ کہ عصر حاضر میں تعلیم و انٹرنیٹ لازم و ملزوم ہو چکے ہیں مگر کووڈ 19 کے تناظر میں طلبہ کیلئے انٹر نیٹ کی اہمیت اور ضرورت اور زیادہ ناگزیر ہو چکی ہے۔

شفقت محمود

مزید :

صفحہ آخر -