کے الیکٹرک سے مذاکرات،کیبل آپریٹرز نے ہڑتال ختم کردی

  کے الیکٹرک سے مذاکرات،کیبل آپریٹرز نے ہڑتال ختم کردی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن نے کے-الیکٹرک سے کامیاب مذاکرات کے بعد تاروں اور املاک کو نقصان پہنچانے کے خلاف 2 روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔کمشنر کراچی کمشنر کراچی افتخار شالوانی کے دفتر میں کامیاب مذاکرات کے بعد چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر کے الیکٹرک عامر ضیا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل کراچی کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے کہا کہ کے-الیکٹرک اورکیبل آپریٹرز کے درمیان اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) طے کیے جائیں گے۔اس حوالے سے کمشنر کراچی نے کہا کہ کے-الیکٹرک اور کیبل آپریٹرز کے درمیان گزشتہ کئی روز سے جاری مسئلے پر منعقدہ اجلاس میں اسے حل کرنے کی کوشش کی ہے اور ہڑتال ختم ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں دونوں فریقین کے-الیکٹرک اور کیبل آپریٹرز کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور کیبل آپریٹرز نے کمشنر آفس سے جاری این او سی(نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کے مطابق جو کام کرنا ہے وہ کریں گے۔کمشنر کراچی نے کہا کہ مون سون سیزن میں کسی انسانی جان کے زیاں اور ناخوشگوار واقعے سے بچا ؤکے لیے اس حوالے سے دونوں اداروں نے ملاقات کی تھی۔افتخار شالوانی نے کہا کہ اب کیبل آپریٹرز کی ہڑتال نہیں ہوگی اور ملک کا معاشی حب کراچی معمول کی طرح چلتا رہے گا جہاں انٹرنیٹ، کیبل، ٹیلی ویژن اور تمام معلومات دستیاب ہوں گی اور بحال کی جائیں گی۔ان کے بعد آل کراچی کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے گفتگو کرتے اس معاملے پر معاونت میں کمشنر کراچی اور پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا)کے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔خالد آرائیں نے کہا کے-الیکٹرک اور کیبل آپریٹرز کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں اور اس حوالے سے ایک معاہدہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کے-الیکٹرک اور کیبل آپریٹرز کے درمیان ایس او پیز طے کیے جائیں گے جس پر عملدرآمد کیا جائے گا اور کے -الیکٹرک کے ساتھ مل کر پولز سے غیر ضروری تاروں کو ہٹایا جائے گا۔خالد آرائیں نے کہا کہ چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر کے الیکٹرک عامر ضیا نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اب سے کیبل کی تاریں نہیں کاٹی جائیں گی۔

مزید :

صفحہ آخر -