صحت کے نظام کو بہتر کررہے ہیں، آئند ہ بھی ان اضلاع کا دورہ ہوگا: تیمورجھگڑا

صحت کے نظام کو بہتر کررہے ہیں، آئند ہ بھی ان اضلاع کا دورہ ہوگا: تیمورجھگڑا

  

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے جنوبی اضلاع کا دورہ مکمل کر لیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور بنوں میں صحت سہولیات کا جائزہ لیا اور مختلف منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے ٹیچنگ اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔ تیمور جھگڑا نے مستقبل میں تمام جنوبی اضلاع اور ضم اضلاع کا دورہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور بنوں کا دورہ مکمل کر لیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں صوبائی وزیر نے کمشنر ڈیرہ ڈویژن کے دفتر میں صحت سہولیات بارے بریفنگ لی جس میں تمام اضلاع ڈیرہ، لکی مروت اور جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈاپور اور آغاز اکرام اللہ گنڈاپور بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ کوارٹر ہسپتال میں زنانہ وارڈ اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ کا افتتاح کیا۔ تیمور جھگڑا نے لکی مروت کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 10 بستروں پر مشتمل کورونا ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، یوتھ نمائندوں اور مقامی لیڈر شپ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ تیمور جھگڑا نے مقامی عمائدین کو یقین دلایا کہ پشاور ڈیرہ موٹر وے سے علاقے میں نئے ترقیاتی دور کا آغاز ہو گا اور شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ بنوں کے دورے کے موقع پر وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال گئے اور طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صحت سہولیات کو مزید بہتر کرنے سمیت انتظامات میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ تیمور جھگڑا نے بنوں میں ریکارڈ روم کا افتتاح کیا اور سروس ڈیلیوری سینٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ بنوں شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور روانی برقرار رکھنے کے لیے سرکلر روڈ کے مطالبے پر تیمور جھگڑا نے اس منصوبے کے لیے فنڈز کی فراہمی کی بھی یقینی دہانی کرائی۔ صوبائی وزیر نے جنوبی اضلاع کے عمائدین اورمشران سے مختلف ملاقاتوں میں اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت جنوبی اضلاع میں پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم پر توجہ دے رہی ہے اور آئندہ چند ماہ میں عوام تبدیلی محسوس کریں گے۔ انہوں نے عوام سے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی بھی اپیل کی کیونکہ اس وباء کی دوسری لہر کا خدشہ موجود ہے جس کے لیے ہمیں ابھی سے تیار ہونا ہو گا۔ حکومت اسی خدشے کے پیش نظر مسلسل اپنی استعداد میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ حکام کو پولیو کے خاتمے اور بچوں کی ویکسینیشن کے عمل کو بھی اولین ترجیحات میں رکھنے کی ہدایت کی۔ کورونا وباء کے دوران اچھے انتظامات اور کارکردگی پر جنوبی اضلاع کے ڈی ایچ اوز کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے ڈی ایچ اوز کی اچھی پوسٹنگ اور ترقی کو ان کی کارکردگی سے منسلک کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ تیمور جھگڑا کا مستقبل کے حوالے سے کہنا تھا کہ وہ آئندہ نہ صرف تمام جنوبی اضلاع بلکہ ضم اضلاع کا بھی دورہ کریں گے

مزید :

صفحہ اول -