نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر مصطفیٰ کمال کورونا سے جاں بحق

نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر مصطفیٰ کمال کورونا سے جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان، کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان کی نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کورونا وائرس سے دم توڑ گئے، مصطفی کمال پاشا گزشتہ 13 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔جنوبی پنجاب کی واحد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا میں گزشتہ ماہ کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہیں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم حالت بگڑنے پر انہیں کارڈیالوجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں پر وہ 13 روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کے پھیپھڑوں نے کام چھوڑ دیا تھا جس کے باعث وہ آج دم توڑ گئے۔ ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا معروف سرجن تھے، کورونا کے مریض بڑھنے پر انہوں نے دفتری امور کو چھوڑ کر اپنی ڈیوٹی وارڈ میں لگوالی تھی، مصطفیٰ کمال پاشا کی نماز جنازہ آج نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ہاسٹلز گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ملک کے سینئر آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر یونس ایچ سومرو بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر یونس سومرو کی نماز جنازہ گزشتہ روز نماز عصر کے بعد ڈیفنس کی مبارک مسجد میں اد ا کی گئی۔خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار 769 تک پہنچ چکی ہے جس میں سے 5 ہزار 386 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 72 ہزار 800 سے زائد افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹرز انتقال

مزید :

صفحہ اول -