سیف سٹی اسلام آباد کے2ہزار میں سے1700کیمرے خراب ہونے کا انکشاف، دھرنوں سے کتنا نقصان ہوا؟ اعتراف کرلیا

سیف سٹی اسلام آباد کے2ہزار میں سے1700کیمرے خراب ہونے کا انکشاف، دھرنوں سے کتنا ...
سیف سٹی اسلام آباد کے2ہزار میں سے1700کیمرے خراب ہونے کا انکشاف، دھرنوں سے کتنا نقصان ہوا؟ اعتراف کرلیا

  

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ سیف سٹی اسلام آباد کے2ہزار میں سے1700کیمرے خراب تھے جن کو ٹھیک کر دیا گیا ہے،جلد ناکوں پرتمام پولیس اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے لگاکر انہیں سیف سٹی کیمروں سے منسلک کردیا جائے گا، 2013سے2018کے دوران ملک میں احتجاج اور دھرنوں سے ڈیڑھ ارب کے نقصانات ہوئے۔

ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری نے سی ڈی اے کو پارلےمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں پانی کو کوالٹی چیک کرنے کی رولنگ دیدی اور ہدایت کی کہ پارلےمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں پانی کے ٹینکس کی صفائی کو یقینی بنایا جائے ، پانی کے ٹینکس کی ماہانہ بنیادوں پر صفائی اور پانی کی کے کوالٹی ٹیسٹ کرائے جائیں ۔جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر کی زیر صدارت ہوا۔وقفہ سوالات کے دوران رکن رانا ثناءاللہ کے سوال کے جواب میں وزارت داخلہ نہ اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ 2013سے2018کے دوران ملک بھر میں احتجاج اور دھرنوں سے مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب (1ارب 50کروڑ 71لاکھ 97ہزار 263روپے ) کے نقصانات ہوئے۔

2014میں اسلام آباد میں دھرنے کی وجہ سے 75کروڑ59لاکھ79ہزار کے نقصانات ہوئے۔ایک اور سوال کے جواب میں وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ سکھ یاتریوں کو ویزہ کے بغیر کرتارپوآنے کی اجازت ہے، سکھ یاتری بھارتی پاسپورٹ کیساتھ صبح سے شام تک کرتارپور رہ سکتے ہیں،بھارتی حکام کی جانب سے یاتریوں کی فہرست10دن قبل فراہم کی جاتی ہے،آئی ایس آئی ،آئی بی اور نادرہ کی منظوری کے بعد سکھ یاتریوں کو آنے کی اجازت دی جاتی ہے۔پارلیمانی سیکرٹری داخلہ شوکت علی نے بتایا کہ اسلام آباد میں 116 گیسٹ ہاوئسز رہائشی علاقوں میں قائم تھے،ان گیسٹ ہاوئسز کو بند کردیا گیا،ان میں سے بیشتر کورٹ میں چلے گئے اور کیسز کردئیے،جب تک کورٹ کا فیصلہ نہیں آتا اس وقت تک ان کیخلاف مزید کارروائی نہیں کی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو اسلام آباد میں 2000ہزارکیمرے تھے ،ہم نے چیک کیا تو صرف 300کام کررہے تھے ،اسلام آباد میں 1700کیمرے خراب تھے،ہم نے 1950کیمرے ٹھیک کردیئے ہیں،چار پولیس اہلکاروں کی وردیوں پر تجرباتی طورپر کیمرے لگائے گئے،جلد ناکوں اور ٹریفک پولیس کے تمام پولیس اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے لگاکر انہیں سیف سٹی کیمروں سے منسلک کردیا جائے گا۔تمام صوبوں میں جرائم کی شرح بتدریج نیچے جارہی ہے ،عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی سیکیورٹی میں 70درجے بہتری ہوئی ہے ،اسلام آباد میں دو سال میں کرائم ریٹ میں29 فیصد کمی آئی ،اسلام آباد میں 90 فی صد نو گو ایریاز ختم کردئےے گئے ہیں اور 80 فی صد ناکے ختم کردئےے،اسلام آباد میں میرٹ پر نئی بھرتیاں کرکے پولیس فورس کی کمی پوری کردی ہے ۔

ارکان پارلےمنٹ کے پارلیمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں صاف پانی کی عدم فراہمی پر ڈپٹی اسپیکر نے سی ڈی اے کو پارلےمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں پانی کو کوالٹی چیک کرنے کی رولنگ دیدی اور کہا کہ پارلےمنٹ لاجز اور دیگر رہائشی علاقوں میں پانی کے ٹینکس کی صفائی کو یقینی بنایا جائے ، پانی کے ٹینکس کی ماہانہ بنیادوں پر صفائی اور فراہم کرنے والے پانی کے کوالٹی ٹیسٹ کرائے جائیں ۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -