پاکستان کا وہ اداکار جس نے دو ڈراموں میں مختلف اداکاراﺅں کے ساتھ کام کیا اور دونوں کی ہی شادی ہو گئی ، ٹویٹر پر ہنسی کا طوفان

پاکستان کا وہ اداکار جس نے دو ڈراموں میں مختلف اداکاراﺅں کے ساتھ کام کیا اور ...
پاکستان کا وہ اداکار جس نے دو ڈراموں میں مختلف اداکاراﺅں کے ساتھ کام کیا اور دونوں کی ہی شادی ہو گئی ، ٹویٹر پر ہنسی کا طوفان

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کی معروف اداکارہ سارہ خان نے گلوکار فلک شبیر کو اپنا جیون ساتھی چن لیا ہے اور اس خوشی کی خبر کے پیچھے سوشل میڈیا صارفین اداکار عثمان مختار کا ہاتھ قرار دیتے ہوئے مزاحیہ تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور یقینا وجہ جان کر آپ کی بھی ہنسی چھوٹ جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلیویژن انڈسٹری کے اداکار عثمان مختار نے ساتھی اداکارہ سارہ خان اور فلک شبیر کی شادی پر مزاحیہ تبصرے کرتے ہوے شادی کی خواہش کا اظہار کیا اور اپنے اوپر بننے والی میمز کا جواب بھی دے دیا۔سارہ خان اور فلک شبیر کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین مزاحیہ انداز میں عثمان مختار کو مورد الزام ٹھہرا رہے تھے کہ ان کی وجہ سے سارہ نے شادی کی۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ وہی عثمان مختار ہیں جنہوں نے ڈرامہ سیریل 'انا' میں اداکارہ نیمل خاور کے مدمقابل کام کیا تھا، ڈرامہ آن ایئر ہی تھا کہ نیمل کی حمزہ علی عباسی سے شادی ہوگئی تھی۔بعد میں عثمان اور سارہ نے نجی ٹی وی کے ڈرامے ’ثبات‘ سائن کیا اور اب سارہ خان بھی شادی کے بندھن میں بندھنے جارہی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین سارہ خان اور فلک شبیر کی شادی کے معاملے میں اداکار عثمان مختار کو بھی لے آئے تھے اور مزاحیہ تصاویر، میمز اور تبصرے شیئر کیے جارہے ہیں۔

شہزادی نامی ٹویٹر صارف نے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ تیز ترین میرج بیورو عثمان مختار ہیں اور اب رشتہ کروانے والی آنٹیوں اور شادی ڈاٹ کام کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہی ہے۔‘‘

ریا نامی صارف نے میم شیئرکی اور ساتھ پیغام لکھا کہ ’’ اب اس بندے کے ساتھ ڈرامے میں کام کرو تو شادی ہو جائے گی ‘‘۔

احسن نامی صارف نے اس لمحے سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مزاحیہ خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ پیش ہے پاکستان کی نئی نویلی رشتہ کروانے والی مائی ‘‘۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عثمان مختار کو رشتے کرانے والی خالہ اور تیز ترین میرج بیورو جیسے القابات سے نوازا جارہا تھا۔جسے دیکھتے ہوئے اداکار نے بھی ان سے لطف اٹھاتے ہوئے میدان سنبھالا اور میمز پر مزاحیہ جواب دے کر سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے ہیں۔ عثمان مختار نے اپنے اوپر بنائی گئی ایک میم شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ ’’ اگلے ڈرامے میں اکیلا ہی آوں گا تاکہ میرے ہاتھ بھی رنگے جائیں ، یعنی شادی ہو جائے ‘‘۔

مزید :

تفریح -