پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کرانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی

پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کرانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی
پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کرانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کرانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے آغاز میں ڈومیسٹک سیزن کے آغازکی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمگیر وباءکورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی تعطل کا شکار ہیں جس کے باعث پاکستان کرکٹ سیزن کسی بھی سطح پر شروع نہیں ہو سکا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اکتوبر کے آغاز میں کرانے کی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان اور ڈائریکٹرہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان کی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور پہلے مرحلے میں ضابطہ کار (ایس او پیز) تیار کئے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ سیزن انٹرنیشنل کرکٹ کے ہی طے کردہ ضابطہ کار کے تحت شروع ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث کرکٹ سیزن کو مختصر کرنے کا فیصلہ ستمبر میں ہوگا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور سٹاف کا پہلے کووڈ 19 ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی گئی ہے، سیزن کو محدود شہروں میں کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ حالات میں نچلی سطح پر کرکٹ کے آغاز کی فوری طور پر اجازت دینا مشکل ہے کیونکہ کلب کی سطح پر سخت ضابطہ کار پر عمل درآمد کرانا دشوار ہوگا۔

مزید :

کھیل -