حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا، خورشید شاہ

حکومت نے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر اعتماد میں نہیں لیا، خورشید شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کراچی  (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے  پی ٹی آئی پابندی لگانے کے حکومتی فیصلے پر اعتماد نہ لینے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس فیصلے کا علم نہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ نے پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی طرح ہم نے بھی یہ بات سنی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس فیصلے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا اور ہمیں اس کا علم نہیں، اب یہ عدالتوں کے فیصلے ہیں تو دیکھیں عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاست کرنی چاہیے اور ان چیزوں سے مسئلے حل نہیں ہوں گے، جو ملک کے حالات چل رہے ہیں اس میں سب کو مل کر بیٹھنا چاہیے۔خورشید شاہ نے کہا کہ میں پیپلزپارٹی میں ہوں اور پیپلز پارٹی کی پالیسی کے ساتھ کھڑا ہوں، پیپلزپارٹی کی رائے میری رائے ہے، میری ذاتی رائے کوئی نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی پالیسی آجائے تو میں پھر ہی بات کر سکوں گا، پارٹی کی طرف سے ابھی کوئی ہدایات نہیں دی گئیں۔

  پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق  چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے تحریک انصاف پر پابندی کی مخالفت کردی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے   کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی کی بات جمہوری اصولوں کے خلاف ہے اور حکومت کو ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت پر پابندی کا اقدام ہمیشہ ناکام رہا ہے اور ایسے اقدام کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکا گیا ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے سیاسی افراتفری بڑھے گی اور معیشت تباہ ہوگی جبکہ وفاق پر بھی اثر پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر فل کورٹ کے فیصلے سے ناراض ہے تو آئینی طریقے پر عمل کرے اور نظرثانی کی درخواست دائر کرے۔

خورشید شاہ

مزید :

علاقائی -