پی سی بی نے آسٹریلیا کے ٹونی ہیمنگ کو چیف کیوریٹر مقرر کردیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے ٹونی ہیمنگ کو چیف کیوریٹر مقرر کردیا، ٹونی ہیمنگ نئی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے بدھ کو لاہور پہنچیں گے۔ٹونی ہیمنگ بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پچز تیار کریں گے، وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی پچز کی تیاری کی بھی نگرانی کریں گے۔ٹونی ہیمنگ کو پچز کی تیاری کا چالیس سال سے زائد کا وسیع تجربہ ہے، وہ مختلف ممالک میں ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں، ٹونی ہیمنگ 2007 سے 2017 تک آئی سی سی کے ہیڈ کیوریٹر بھی رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹونی ہیمنگ نے آسٹریلیا کے کئی مشہور کرکٹ گراؤنڈز بشمول میلبورن، پرتھ اور تسمانیہ کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک میں کام کیا ہے۔