سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کتنے اراکین اسمبلی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کے حلف نامے جمع کروا دیئے؟ جانیے
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت 70 اراکین اسمبلی نے سپریم کورٹ فیصلے کے بعد پی ٹی آئی میں دوبارہ شامل ہونے کے لیے حلف نامے جمع کرادیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واپس پی ٹی آئی جوائن کرلی۔علی امین گنڈاپور نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا تھا اور انہوں نے انتخابات جیتنے کے بعد کوئی پارٹی جوائن نہیں کی تھی۔ وزیراعلیٰ سمیت 70 اراکین اسمبلی نے حلف نامے پارٹی کے پاس جمع کرادیئے ہیں۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنی اتحاد کونسل سے واپس پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق تھا اور پی ٹی آئی کو مل گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 6 ان پر لاگو ہوتا ہے جنہوں نے آئین کے مطابق انتخابات نہیں کروائے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم دیا تھا۔