ٹرمپ کے نامزد کردہ نائب صدر کی اہلیہ بھارتی نژاد اوشا کون ہیں ؟
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران اپنے نائب صدر کے نام کا اعلان کردیا جن کی اہلیہ بھارتی نژاد اوشا چلوکوری وانس ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ریپبلکن جماعت کی جانب سے نائب صدر کے لئے نامزد ہونے والے جے ڈی وانس کی اہلیہ اوشا چلوکوری بھارتی تارکین وطن والدین کی بیٹی ہیں۔مضافاتی علاقوں میں پرورش پانے والی اوشا چلوکوری وانس نے ییل یونیورسٹی سے تاریخ میں بیچلر اور کیمبرج یونیورسٹی سے فلسفے میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔انھوں نے ییل جرنل آف لا اینڈ ٹیکنالوجی کے منیجنگ ایڈیٹر اور دی ییل لا جرنل کے ایگزیکٹو ڈو یلپمنٹ ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دیں اور آج کل منگیر، ٹولس اینڈ اولسن لا فرم سے منسلک ہیں۔ٹرمپ کے نامزد کردہ نائب صدر کی بھارتی نژاد اہلیہ اوشا وانس نے سپریم کورٹ کے جسٹس جان رابرٹس اور بریٹ کیوانا کے لئے کلرک کے طور پر قانونی میدان میں ایک ممتاز کیریئر بنایا ہے۔بھارتی نژاد اوشا اور جے ڈی وانس کی پہلی ملاقات ییل لا سکول میں ہوئی تھی اور 2014 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ ا±ن کے 3 بچے ہیں۔