پی ڈی پی اخوان کے احیا کے منصوبہ میں شریک ہے

پی ڈی پی اخوان کے احیا کے منصوبہ میں شریک ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سری نگر (کے پی آئی) نیشنل کانفرنس نے سوپور میں پے در پے پراسرار ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے پی ڈی پی پر اخوان کو وادی میں سر نو منظم کرنے کے مزموم منصوبہ میں معاون قرار دیا۔این سی ترجمان جنید عظیم متو نے سوپور میں معراج الدین ڈار نامی شہری کی ہلاکت پر سوگواران کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ 25مئی کے بعد سوپور میں پانچویں شہری ہلاکت ہے۔انہوں نے کہاسوپور میں پانچ شہری مارے گئے اور وزیراعلی کی خاموشی اب ناقابل برداشت بن گئی ہے ۔یہ سب وزیر دفاع کے بیان کے بعد ہی رونما ہونا کیوں شروع ہوا جس میں انہوں نے کشمیر میں اخوان کو دوبارہ سرگرم کرنے کے منصوبہ کا اشارہ دیا تھا؟۔کیا ریاستی وزیراعلی اور اس کی پارٹی اس منصوبہ میں شامل ہیں ؟۔ان کی خاموشی یقینی طور پر انتہائی غیر مبہم الفاظ میں ایسا ہی کہتی ہے۔متو نے بیان میں کہا کہ مفتی محمد سعید نے اپنی سابق وزارت اعلی کے دوران حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈروں کو قتل کروایا جنہوں نے یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کرکے این سی دور میں مذاکرات میں شرکت کی تھی ۔
ان حزب کمانڈروں کو اس حقیقت کے باوجود کہ جنگ بندی کا اعلان کیاجاچکا تھا،مفتی سعید کی ہدایت پر قتل کیاگیا،ایسا کرکے مفتی نے نیشنل کانفرنس کی مفاہمتی عمل کو بڑا زک پہنچایا ،آ ج کل سوپور میں جو کچھ ہورہا ہے ،یہ مفتی اور پی ڈی پی کی سابقہ پالیسیوں سے میل کھاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکانٹر انسر جنسی کے تئیں جھکا ،سبو تاژ اور دھوکہ دہی کی مفتی سعید کی تاریخ ہے جب سے وہ جن مورچہ حکومت میں ملک کے وزیر داخلہ بنے،وہ بے شک دبا و دھونس اور آئینی چھیڑچھاڑ کا بنیادی ملزم ہے اور اس کے ساتھ گا کدل ،حول اور بجبہاڑہ قتل عام میں مارے گئے شہریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں،اب اقتدار کیلئے بی جے پی اور آر ایس ایس کو اپنا ضمیر بیچنے کے بعد ایسا لگ رہا ہے کہ انہوں نے اخوانیوں کو سرنو منظم کرنے میں معاون ہونے پر رضامندی ظاہر کی ہے او ر یہ خطرناک رجحان ہے ،وزیر دفاع کے پراسرار بیان کے پہلے تین ہفتوں میں ہی سوپور میں جس طرح پانچ شہریوں کو نامعلوم بندوق برداروں نے مار ڈالا ،یہ تشویشناک ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلی ہمت جٹا کر وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کریں اور کشمیر میں اخوان کو سر نو منظم کرنے کے منصوبہ میں ان کے رول کو عوام کے سامنے لائیں۔ترجمان کے مطابق عوامی تاثر یہ ہے کہ پی ڈی پی اس خوفناک منصوبہ کا حصہ ہے،وزیراعلی کی مسلسل خاموشی نے اس تاثر کو تقویت بخشی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کشمیر میں اخوانیوں کو سر نو منظم کرنے کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور پی ڈی پی کو سیاسی طاقت کیلئے معصوم کشمیریوں کے جانوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید :

عالمی منظر -