قومی ہاکی ٹیم اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لینے کیلئے بیلجیئم روانہ ہو گئی

قومی ہاکی ٹیم اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لینے کیلئے بیلجیئم روانہ ہو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(آئی این پی) قومی ہاکی ٹیم اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لینے کیلئے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے بیلجیئم روانہ ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی ٹیم بیلجیئم میں اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں حصہ لے گی۔ اولمپک کوالیفائنگ راونڈ 19جون سے شروع ہو گا اور 5جولائی تک جاری رہے گا۔ پاکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ 20جون کو پولینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ کوالیفائنگ راونڈ سے پہلے قومی ہاکی ٹیم آئرلینڈ کے ساتھ 2وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں بھی ایکشن میں نظر آئینگی، اس سلسلے میں بھارتی ٹیم ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنلز میں شرکت کیلئے پہلے ہی بیلجیئم پہنچ چکی ہے۔ ایونٹ 20 جون سے 5 جولائی تک کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ہاکی کی دس بہترین ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ ایونٹ کی ٹاپ فور ٹیمیں رواں برس نومبر دسمبر میں بھارت میں شیڈول ورلڈ ہاکی لیگ فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیں گی جبکہ اس کے علاوہ ٹاپ تھری ٹیمیں آئندہ سال ریو اولمپکس گیمز میں جگہ بنا لیں گی۔ بھارت کو ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنلز میں گروپ اے میں آسٹریلیا، فرانس، پاکستان اور پولینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے اور وہ 20 مئی کو فرانس کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔قومی ٹیم کے ہیڈکوچ شہناز شیخ کا کہنا ہے کہ کوایفائنگ راونڈ میں ٹیم کو سخت مقابلے کا سامنا ہو گا ۔امید ہے کے قومی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر ے گی۔دوسری طرف قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ واجبات کے بجائے کھلاڑیوں کا ہدف اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں فتح حاصل کرنا ہے، کھلاڑی بلند حوصلہ ہونے کے ساتھ ساتھ کچھ کر دکھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اولمپک کوالیفائر میں کسی حریف کو آسان نہیں لیں گے، آسٹریلیا اور بھارت کیخلاف میچز کی ویڈیو دیکھ کر اپنی خامیوں کو دور کیاگیا ہے، شارٹ کارنر اور گول کیپنگ شعبے میں ٹیم کافی مضبوط ہے۔