آپریشن ضرب عضب کا بہت فائدہ ہوا ‘ شریک جوانوں کا سلام پیش کرتے ہیں ‘ زرداری

آپریشن ضرب عضب کا بہت فائدہ ہوا ‘ شریک جوانوں کا سلام پیش کرتے ہیں ‘ زرداری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(سٹاف رپورٹر) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کا ملک کو بہت فائدہ ہوا،آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں،دہشتگرد نت نئے طریقے آزما رہے ہیں،پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہو گا،پولیس کو بھی مسلح افواج کی طرح اپنے جوانوں کا خیال کرنا چاہیے،شہداء کے بچوں کو ملازمتیں اور پولیس اہلکاروں کو سرکاری گھر دئیے جائیں۔کراچی میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سنٹر میں ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہو ئی ، جس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے پاس آؤٹ ہونے والے ایلیٹ فورس کے جوانوں میں شیلڈز تقسیم کیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بہادر پولیس کے جوانوہم سب اس خاطر جمع ہوئے کہ آپ کو سلام کر سکیں ، ہم آپ کی بہادر ی ،شجاعت اور شہادتوں کو سلام کرتے ہیں ، پولیس کے جوانوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں ، میں سندھ حکومت کو کہتا ہوں کہ شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں کے بچوں کو تنخواہ اور ملازمتیں دی جائے ، تا کہ ان میں وہ جذبہ رہے کہ میرے والد نے شہاد ت پیش کی اور میں اپنے والد کی جگہ لے کے شہید وں کی صف کھڑا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو ہی ہماری عظیم قائد تھیں اس کے نام پہ بنایا ہوا یہ سینٹر جس میں ہماری 40بہنیں بھی پاس آؤٹ ہو رہی ہیں جو پاکستان اور پولیس کی تاریخ میں ایک نیا قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں سندھ حکومت سے سفارش کروں گا کہ سندھ میں زمین بہت پڑی ہے اس پر عمارات بنائیں ، تا کہ پولیس ملازمین کو گھر مل سکیں ، فوج ، نیوی اور ایئر فورس اپنے سپاہیوں کا خیال کرتی ہیں اسی طرح پولیس کو بھی اپنے سپاہیوں کا خیال رکھنا چاہئے ،رہائش کے علاوہ ضروریات ہیں وہ بھی پوری کی جائیں ، جتنے پولیس کے افسراور جوان چوکس و چوبند ہوں گے اتنا ہی کراچی اور سندھ امن کی نیند سوئے گا ،سندھ میں جرائم کم ہیں تو اس کا سہرا وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ اور آئی جی سندھ کو جاتا ہے سندھ پولیس اور وزیر اعلی کو قیام امن کے لئے کوششوں پر شاباش کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آگے کی سوچ رکھنی چاہئیکیونکہ ہمارادشمن نئی سوچ لے کر آ رہا ہے ، دہشتگرد نت نئے طریقے آزما رہے ہیں،پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہو گا، ہمیں پولیس نظام میں جدت لانئی چاہئے تا کہ دشمن کے عزائم کا مقابلہ کیا جا سکے ۔انھوں نے کہا کہ شہید زندہ ہوتے ہیں جس طرح آپ کے شہید زندہ ہیں ، ہم ہمیشہ شہیدوں کی پارٹی بھی رہے ہیں ، شہیدوں سے ہم نے طاقت بھی لی ہے ، آپ کے شہیدوں کی اتنی قدر کرتے ہیں جتنی اپنے شہیدوں کی توقیر کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے ملک کو بہت فائدہ ہوا ، آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کو سلام کرتا ہوں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ ایلیٹ پولیس کو جد ید خطوط پر تربیت دی گئی ، ایلیٹ فورس کے لئے جدید اسلحہ درکار ہے جس کے لئے وفاقی حکومت سے بات کی ہے ، ایلیٹ فورس کا قیام آصف علی زرداری کی کوششوں سے عمل میں آیاد ، ان کو توقعات پر فورس کے جوانوں نے پورا اترنا ہے ،۔ قائم علی شاہ نے بھی ضرب عضب کاایک سال مکمل ہونے پرآرمی چیف جنرل راحیل شریف کو مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھتہ خوری، اغوا برائیتاوان اورٹارگٹ کلنگ میں کافی کمی آئی ہے،امید ہے جنرل راحیل شریف سندھ کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔میں امید کرتا ہوں کہ آپ نے جو حلف اٹھایا ہے اس پر قائم رہتے ہوئے پورے سندھ کی خدمت کریں گے ۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے سندھ پولیس بھی مبارکباد کی مستحق ہے ، ایلیٹ فورس کے جوان دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ پاس آؤٹ ہونیوالوں میں700 سو پولیس افسران اور 380 اہلکار شریک ہوئے جن میں 40 خواتین اہلکار بھی شامل تھیں ۔

مزید :

صفحہ اول -