اربوں روپے کا رمضان پیکج ‘ سستے آٹے فراہمی پر ساڑھے3ارب کی سبسڈی دی جائے گی ‘ شہباز شریف

اربوں روپے کا رمضان پیکج ‘ سستے آٹے فراہمی پر ساڑھے3ارب کی سبسڈی دی جائے گی ‘ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے رمضان المبار ک کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کا تاریخی رمضان پیکیج دیاہے ۔سستے اورمعیاری آٹے کی فراہمی پر 3ارب 50کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ رمضان بازاروں میں 10کلو آٹے کا تھیلا 310روپے ، اوپن مارکیٹ میں 10کلو آٹے کا تھیلا 330روپے جبکہ 20کلو آٹے کا تھیلا 660روپے میں دستیاب ہو گا۔رمضان بازاروں میں چینی 52روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی ضروری اشیاء کی معیاری اور سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔رمضان بازاروں میں معیاری سبزیاں ، پھل اور اشیائے ضروریہ مارکیٹ سے سستے داموں فراہم ہوں گی۔صوبہ بھر میں کل سے رمضا ن بازاروں کا قیا م عمل میں لایا جارہاہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہاریہاں سول سیکرٹریٹ میں رمضان پیکیج کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر فیصل آباد ڈویژن ، ڈی سی او فیصل آباد اور کمشنر سرگودھا ڈویژن و ڈی سی او سرگودھا بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے خصوصی سٹال بھی لگائے جائیں گے۔عوام کو رمضان المبارک کے دوران حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کو فعال کردا ر ادا کرنا ہوگا ۔رمضان المبار ک کے دوران وضع کردہ ایکشن پلان پر ہر قیمت پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی ۔محکمہ زراعت کی فئیر پرائس شاپس پر سبزیاں او رپھل اعلیٰ کوالٹی کا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ ایسوسی ایشنوں سے بات چیت کر کے خوردرنی تیل ، گھی ، مرغی کے گوشت ، انڈوں اور چینی کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ کمی کی گئی ہے ۔عوام کی سہولت کے لئے صوبے میں 2000مدنی دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور وزن نمایاں طو ر پر درج ہونے چاہئیں۔معیاری اشیائے ضروریہ کی وافر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ کم تولنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہاکہ 36اضلاع کے ڈی سی اوز رمضان المبارک کے دوران منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کے عمل کا خود جائزہ لے کر روزانہ کی بنیادپر رپورٹ پیش کریں گے۔ رمضان پیکیج پر بہترین کارکردگی دکھانے والے تین اضلاع کی بھر پور حوصلہ افزائی کریں گے ۔ خراب کارکردگی دکھانے والے اضلاغ کے افسران کی باز پرس ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ خلق خدا کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔ ہم سب نے مل کر تاریْخی رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کوالٹی پر پہلے کبھی سمجھوتہ کیا نہ اب کروں گا ۔ ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ قیمتوں میں استحکام لانا کابینہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر رمضان بازاروں کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لے ۔میں ذاتی طو رپر رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے تمام اقدامات کی نگرانی کروں گا ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے انتظامات ،ٹریفک نظام اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کویقینی بنایا جائے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھانے کے حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں۔صوبائی وزراء بلال یاسین، ڈاکٹر فرخ جاوید، اراکین صوبائی اسمبلی توفیق بٹ، وحید گل، چیف سیکرٹری ، سابق ایم پی اے حاجی محمد نواز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں مون سون کی آمد اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے تمام احتیاطی انتظامات مکمل کئے جائیں۔ تمام صوبائی اور وفاقی متعلقہ ادارے باہمی کوآرڈینیشن سے فرائض سرانجام دیں۔ رواں برس گزشتہ برس سے بڑھ کر انتظامات ہونے چاہئیں۔صوبائی اور وفاقی اداروں کو مربوط قریبی را بطے کے تحت کام کرنا ہوگا۔ متعلقہ محکموں کے مابین کوآرڈینیشن میں فقدان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کابینہ کمیٹی برائے فلڈ محکمہ موسمیات سے قریبی رابطہ رکھے اور روزانہ کی بنیاد پر موسم کی صورتحال کے حوالے سے معلومات حاصل کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے دریاؤں کے بیڈ کے اندر موجود تجاوزات کو فوری ختم کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کمیٹی متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سے مل کر تجاوزات فی الفور ختم کرائے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے یہ ہدایات آج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں پنجاب میں مون سون سیزن اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے پیشگی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے مون سون کی آمد اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے ایمرجنسی پلان مرتب کریں۔کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اراکین دریاؤں کے بند کی تعمیر و مرمت کے کام کا خود سائٹ پر جا کر جائزہ لے۔ کابینہ کمیٹی 10 اہم مقامات کی سائٹس کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کرے اور اس مقصد کیلئے میرا ہیلی کاپٹر بھی حاضر ہے۔ مون سون اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے احتیاطی انتظامات کی خود نگرانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کے سٹاک کے حوالے سے لاہور اور مظفرگڑھ میں 2 ویئر ہاؤسز قائم کئے گئے ہیں۔ دونوں وئیرہاؤسز میں کھانے پینے کے ساتھ تمام ضروری اشیاء کا وافر سٹاک موجود ہونا چاہیئے۔ سپارکو اور پی اے ایف کے موسمیاتی نظام سے بھی بھرپور استفادہ کیا جائے۔ کشتیوں کے آپریٹرز کی تربیت کا کام جلد مکمل کیا جائے۔کشتیوں کی ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے فول پروف میکانزم مرتب کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کسی ناگہانی آفت کی صورت میں محکمہ صحت کے پاس ضروری ادویات خصوصاً سانپ کے کاٹے کے علاج کیلئے ادویات وافر مقدار میں موجود ہونی چاہئیں۔سول ڈیفنس کے ادارے کو بھی متحرک بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔دریاؤں کے پشتوں اور بند کی انسپکشن کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ دریاؤں کے بند اور پشتے مضبوط بنانے کیلئے جدید اور منفرد طریقے اپنائے جائیں۔ کابینہ کمیٹی غیرقانونی شگاف ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔ سیالکوٹ اور کامونکی کے نالوں کے سیلابی پانی سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت جاری پروگرامز پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں برساتی نالوں کو بہتربنانے کے حوالے سے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ مون سون کے دوران برساتی نالوں سے ہونے والے نقصانات کی روک تھام کی جاسکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ اضلاع میں عوام اور املاک کو سیلابی پانی سے محفوظ رکھنے کیلئے یہ پروگرام بہت اہمیت رکھتا ہے جس سے برساتی نالوں میں طغیانی سے ہونے والے نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے گا،انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈی واٹرنگ سیٹ چالو حالت میں رکھے جائیں اور اس حوالے سے تمام آلات کی مکمل انسپکشن کی جائے۔ چاہئیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے دورآمریت میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں پر ڈاکے ڈال کر عوام کے حقوق کو پامال کیا۔ہماری حکومت نے لوٹ مار کے اس کلچر کو ختم کیا ہے اور اعلیٰ معیار کے ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔ صوبائی وزراء شجاع خانزادہ، میاں یاور زمان، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، تنویر اسلم ملک، ڈاکٹر فرخ جاوید، بلال یاسین، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ایم پی اے زعیم حسین قادری، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انسپکٹر جنرل پولیس،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -